جامشورو کی کوہستانی پٹی میں بھی خشک سالی8 بچے جاں بحق

لونی کوٹ، تھانہ بولاخان کے سیکڑوں علاقے برسات نہ ہونے کے باعث پانی کی قلت کا شکار،115سے زائد خاندان منتقل

ساتوں بچے ایک ہفتے کے دوران زندگی کی بازی ہارے،متعدد وبائی امراض میں مبتلا،رپورٹ نہیں ملی، ٹیمیں روانہ کردیں، ڈی سی کوٹری فوٹو: آئی این پی

ضلع جامشورو کی کوہستانی پٹی میں خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی،8 بچے زندگی کی بازی ہارگئے۔


سیکڑوں متاثر مکینوں نے بیراجی علاقے کی طرف نقل مکانی شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جامشورو کے کوہستانی پٹی کے لونی کوٹ، تھانہ بولا خان کے سیکڑوں علاقے جوبرساتی پانی سے گزربسرکرتے ہیں، برسات نہ ہونے کی وجہ سے وہاں بھی پانی کی قلت کی وجہ سے خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، لونی کوٹ کے قریبی گوٹھ محمد ابراہیم شورو میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 7 بچے غفار، عبدالصمد،اﷲ ڈنو، علی حسن جبکہ انور شوروکا3 سالہ بیٹا، حلیم شوروکی ایک سالہ بیٹی، رسول بخش کی بیٹی اور یونین کونسل سری کے گوٹھ موندر خان پالاری میں مزدور غفور پالاری کا3 مہینے کا بیٹا زندگی کی جنگ ہار چکا ہے جبکہ یو سی تونگ، کرچات، علی مراد باریجو، مول سمیت دیگر علاقوں میں معصوم بچے وبائی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

جبکہ سیکڑوں بچوں کے ہاتھوں اور پیروں میں دانے نکلنا شروع ہو گئے ہیں، کوہستانی پٹی اور پہاڑی علاقے میں پانی کی قلت کے سبب متاثرہ افراد دیگر بیراجی علاقوں کی جانب ہجرت کرنے پرمجبور ہیں، اب تک کی رپورٹ کے مطابق115سے زائد خاندان نقل مکانی کرچکے ہیں۔ تھانہ بولا خان کے گوٹھ وکیو جاکرو سے30، محمود برفت سے 20، جان محمد جاکرو کے36، قاسم برفت سے10،کلو کوہر سے19، محمد رحیم پالاری سے 8 خاندان ہجرت کر چکے ہیں۔ دوسری طرف صورتحال کا جائزہ لینے ک لیے ڈپٹی کمشنر جامشورو سہیل ادیب بچانی کی جانب سے ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔ ڈی سی کاکہنا ہے کہ اب تک ان کونقل مکانی کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے، پھر بھی احتیاطاً ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے، تمام تر صورتحال کو کنٹرول کرلیا جائے گا۔ انھوں نے تھانہ بولا خان انتظامیہ کو بھی تمام تررپورٹ جلد سے جلد فراہم کرنے کا ہدایت کی ہے۔
Load Next Story