دادو خضدار ٹرانسمیشن لائن درست کردی گئی وسطی بلوچستان کی بجلی بحال

سبی سے کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کے 10 ٹاورز سیلابی پانی کی وجہ سے گر گئے تھے ان کی بحالی 10 ستمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے


ویب ڈیسک September 05, 2022
سبی سے کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کے 10 ٹاورز سیلابی پانی کی وجہ سے گر گئے تھے ان کی بحالی 10 ستمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے (فوٹو: فائل)

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی دادو-خضدار ٹرانسمیشن لائن درست کردی گئی جس کے بعد وسطی بلوچستان کے بڑے حصے کو بجلی کی سپلائی بحال ہوگئی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے، وزیر اعظم بجلی کی سپلائی کی بحالی کو خود مانیٹر کر رہے ہیں اور اس حوالے سے انھیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی دادو - خضدار ٹرانسمیشن لائن بحال کر دی گئی ہے جس سے وسطی بلوچستان کے ایک بڑے حصے کو بجلی کی سپلائی بحال ہو گئی ہے۔

بلوچستان میں سیلاب کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے ٹرانسمیشن لائن متاثر ہوئی تھی۔ سبی سے کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کے 10 ٹاورز سیلابی پانی کی وجہ سے گر گئے تھے ان پر بحالی کا کام 10 ستمبر تک مکمل ہو جانے کی امید ہے جب کہ سبی سے مچھ ٹرانسمیشن لائن پر بھی بحالی کا کام جاری ہے۔

زمینی راستے، بھاری مشینری اور مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی کے باوجود مشکل ٹاسک کو مکمل کیا گیا۔ ایم ڈی این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان اور ان کی ٹیم کام کی نگرانی کے لیے سائٹ پر موجود رہی ۔ بحالی کے کام کے دوران سیلابی پانی سے گزرنا اور مسلسل لینڈ سلائیڈنگ کا بھی سامنا رہا۔
 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے