کراچی میٹرک بورڈ پر شہری سے ڈکیتی میں ملوث ایک ملزم گرفتار اسلحہ برآمد
گرفتار ملزم کے خلاف دہشتگردی اور ڈکیتی کے مقدمات قائم کیے گئے ہیں
شاہراہ نورجہاں پولیس نے میٹرک بورڈ آفس کے قریب شہری سے لوٹ مار کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے, شہری سے ڈکیتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہراہ نور جہاں پولیس نے میٹرک بورڈ آفس کے قریب شہری سے لوٹ مار کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
شاہراہ نور جہاں پولیس نے گرفتار ملزم کی شناخت سہیل مسیح ولد مورس مسیح کے نام سے ظاہر کی ہے۔
ضلع وسطی پولیس کے مطابق شہری ڈکیتی کی ویڈیو ایک راہگیرشہری نے اپنے موبائل فون سے بنائی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی البتہ کسی شہری نے اس واقعہ کی رپورٹ نہیں کرائی تھی، جس پر سرکار کی مدعیت میں شاہراہِ نور جہاں تھانے میں مقدمہ الزام نمبر 553/22 درج کیا گیا۔
پولیس نے تکنیکی و ہیومن انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں شامل ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ملزم کا دوسرا ساتھی عدنان شہزاد عرف عدنان البرٹ ابھی تک فرار ہے جسکی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم اوراس کے مفرورساتھی نے وڈیو وائرل ہونے کے بعد اپنا فون بند کردیا تھا اور گرفتاری کے ڈر سے مسلسل ٹھکانے بدل رہے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سہیل مسیح ڈکیتی کی وائرل ویڈیو میں موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سہیل کے قبضے سے ایک پستول، پرس، 1 موبائل فون اور 1 گرینیڈ بھی برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزم کے خلاف دہشتگردی اور ڈکیتی کے مقدمات قائم کرکے پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔