کراچی سے لگژری کار کی برآمدگی کا معاملہ ملزمان کی درخواست ضمانت جمع
عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت 8 ستمبر کو مقرر کرتے ہوئے 8 ستمبر تک تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا
کسٹم کورٹ نے برطانیہ سے چوری شدہ لگژری گاڑی کی برآمدگی کے مقدمے میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر تفتیشی افسر کو چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ۔ کسٹم عدالت میں برطانیہ سے چوری شدہ لگژری گاڑی کی کراچی سے برآمدگی کے مقدمے میں ملزمان کی درخواست ضمانت دائر کردی۔
عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت 8 ستمبر کو مقرر کرتے ہوئے 8 ستمبر تک تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
مقدمے میں جمیل شفیع اور نوید بلوانی عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ مقدمے میں نوید یامین نامی ملزم مفرور ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان کسٹمز نے برطانوی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ سے چوری ہونے والی دنیا کی مہنگی ترین اور لگژری گاڑیوں میں شامل "بینٹلے ملسن" نامی لگژری کار کراچی میں ڈیفنس کے ایک بنگلہ سے برآمد کی تھی۔
مزید پڑھیں : لندن سے چوری شدہ مہنگی گاڑی ''بینٹلی ملسن'' کراچی سے برآمد
لگژری کار غیر قانونی طریقے سے پاکستان لائے جانے سے کسٹم ڈیوٹی اور محصولات کی مد میں قومی خزانے کو 30 کروڑ 74لاکھ 27ہزار روپے کا نقصان بھی پہنچایا گیا۔
حیرت انگیز طور پر بغیر دستاویزات کے پاکستان میں لائی گئی گاڑی کو سندھ ایکسائز اور موٹروہیکل ڈپارٹمنٹ نے رجسٹرڈ کرکے لوکل رجسٹریشن نمبر پلیٹ بھی جاری کردی جس سے سندھ ایکسائزاینڈ موٹروہیکل رجسٹریشن کے نظام پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔