عہدے کا نشہ گوجرانوالہ میں ایس ایس پی نے 11 سالہ بچے کو گاڑی تلے کچل دیا
گیارہ سالہ بچہ ایس ایس پی سید فرید علی کی گاڑی تلے آکر جاں بحق ہوگیا جبکہ موصوف لاش سڑک پر چھوڑ کر خود سرگودھا روانہ ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حافظ آباد روڈ پر کوٹ لدھا کا فہد مسجد سے گھر جارہا تھا کہ اسی دوران ایس ایس پی گوجرانوالہ کی سرکاری گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔ ورثا کا کہنا ہے کہ فہد ایس ایس پی کی غلطی سے گاڑی کی زد میں آیا اور وہ واقعے کے بعد رکنے کی بجائے سرگودھا چلے گئے لہٰذا ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
دوسری جانب ایس ایس پی سید فرید علی کا کہنا ہے کہ بچہ اپنی غلطی کے باعث گاڑی کی زد میں آیا تاہم انھوں نے ورثا کو بچے کی تدفین کے لئے 10 ہزار روپے دیئے ہیں۔