محکمہ وائلڈ لائف نے میرپور سے بھارتی نسل کا اژدھا پکڑلیا
شہری کسی بھی جنگلی حیاتیات کو دیکھیں فوری اطلاع کریں ،اسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ وائلڈ لائف
محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں نے میرپور میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے انڈین پائتھن کو پکڑلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے آزاد کشمیر کی تحصیل میرپور میں بروقت کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں شہری علاقے میں گھسنے والا بھارتی نسل کا خطرناک سانپ پکڑا گیا۔
اس حوالے سے محکمہ وائلڈ کے اسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد حسین کا کہنا ہے کہ شہری علاقے سے انڈین پائتھن کو پکڑ کر جنگل میں چھوڑ دیا گیا، جس کی لمبائی 8 فٹ اور وزن 7 کلو گرام تھا۔
ساجد حسین نے بتایا کہ گزشتہ دنوں شہریوں نے 20 فٹ لمبا انڈین پائتھن ہلاک کر دیا تھا۔
اسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف جنگلی حیاتیات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے، شہری کسی بھی جنگلی حیاتیات کو دیکھئیں تو فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو اطلاع دیں۔