نئے نیب قانون کے تحت سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کو ریلیف مل گیا
احتساب عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا
سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کو نئے نیب قانون کے تحت احتساب عدالت سے ریلیف مل گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت میں جج محمد بشیر جعلی اکاؤنٹس سے جڑے کڈنی ہلز ریفرنس سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کو ریلیف دے دیا۔
سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون طارق محمود سمیت سات ملزمان کو نیب ترمیمی بل کے تحت ریلیف ملا اور عدالت نے نیب سیکنڈ ترمیمی ایکٹ 2022 کے تحت ریفرنس واپس لینے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواستوں پر فیصلہ سنایا اور کہا کہ نیب ترمیمی بل کے تحت ریفرنس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
واضح رہے کہ ریفرنس میں اعجاز ہارون، ندیم مانڈوی والا ، طارق محمود سمیت سات ملزمان نامزد تھے، جنہوں نے نیب ریفرنس کو چیلنج کررکھا تھا، احتساب عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔