میٹا کا میٹاورس ٹیکنالوجی دکھانے کے لیے کانفرنس بلانے کا اعلان

کنیکٹ 2022ء کانفرنس کا مقصد میٹا ورس ٹیکنالوجی کا اظہار اور ناقدین کو جواب دینا ہے


ویب ڈیسک September 09, 2022
میٹا نے اپنی مجازی ٹیکنالوجی پر کنیکٹ کانفرنس کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی میٹا نے ورچول ریئلٹی اور میٹاورس ٹیکنالوجی پر تنقید کرنے والے افراد کو جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کنیکٹ 2022ء کانفرنس بلائی جارہی ہے۔

گیارہ اکتوبر کو منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں ایک جانب میٹا اپنے وی آر ہیڈ سیٹ کے نئے ماڈل لانچ کرے گا تو دوسری جانب میٹاورس کی تشکیل کرنے والی نئی ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ بھی کرے گا۔ اس طرح وی آر اور اے آر ٹیکنالوجی کی اہم پیش رفت دنیا کے سامنے پیش کی جائے گی۔

یہ ایک روزہ ورچول (مجازی) کانفرنس ہوگی جس میں ورچول اور آگمینٹڈ ریئلٹی کے کئی پہلوؤں پر بات کی جائے گی۔ توقع ہے کہ اس شعبے کے اہم ترین ماہرین اپنی تحقیقات بیان کریں گے اور استعمال سے بھی آگاہ کریں گے۔ میٹا کے بیان کے مطابق اس تقریب کا مقصد نئی ٹیکنالوجی سے پوری دنیا کو مزید قریب لانا ہے۔

کانفرنس کا دوسرا اہم پہلو'کیمبریا' کو دکھانا ہے جو اب تک میٹا کا سب سے جدید ہیڈسیٹ ہے جس میں کوئسٹ کے مقابلے میں انتہائی بلند معیار کی ویڈیو اور تصاویر دیکھی جاسکتی ہیں تاہم اس کے بیرونی کیمرے کی بدولت اسے پہننے والا باہر کے ماحول سے بھی آگاہ ہوسکتا ہے۔

اندازہ ہے کہ کیمبریا کی قیمت 1000 ڈالر سے کم نہ ہوگی جبکہ روایتی ہیڈ سیٹ 200 سے 300 ڈالر میں عام دستیاب ہیں۔ دوسری جانب مارک زکر برگ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ ہورائزن اور اس سے وابستہ ڈجیٹل کردار(اوتار) کو زیادہ واضح اور خوبصورت بنایا جارہا ہے۔

دوسری جانب تکنیکی ماہرین کا اصرار ہے کہ میٹاورس کا مستقبل کچھ زیادہ روشن نہیں لیکن میٹا نے اس پر غیرمعمولی سرمایہ کاری کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں