کراچی میں ڈکیت بے خوف فیکٹری منیجر لُٹ گیا مزاحمت پر والدین کا اکلوتا بیٹا جاں بحق

کورنگی میں ڈاکو 5 لاکھ روپے چھین کر فرار۔ مومن آباد میں جاں بحق نوجوان چند روز قبل روزگار کیلیے کراچی آیا تھا


ویب ڈیسک September 08, 2022
فوٹو فائل

شہر قائد میں ڈکیتیوں کی وارداتیں تسلسل سے جاری ہیں جب کہ پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث بے خوف ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ بھی تھم نہیں رہا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا میں ڈاکوؤں نے فیکٹری کے گیٹ پر بینک سے رقم لانے والے منیجر کو لوٹ لیا ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مینجر جیسے ہی ڈرائیور کے ہمراہ فیکٹری گیٹ پر پہنچا تو 2موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان نے انہیں گھیر لیا اور بینک سے نکلوائی گئی رقم 5 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

2 ملزمان نے پستول تھامی ہوئی تھی جب کہ 2 نے سرجیکل ماسک اور ایک نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا۔فوٹیج میں چوتھے ملزم کا چہرہ واضح نظر آرہا ہے۔چاروں ملزمان محض چند سیکنڈز میں واردات کرکے باآسانی فرار ہو گئے۔

دوسری جانب مومن آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ ہے۔مقتول والدین کی اکلوتی اولاد تھا ۔پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔

مقتول کی شناخت 25 سالہ اشفاق ولد غلام نبی کے نام سے ہوئی، جو مقامی فیکٹری کا ملازم تھا، جو چند ماہ قبل ہی مانسہرہ کے علاقے بفا سے روزگار کے لیے کراچی آیا تھا۔مقتول کے پاس سے موبائل فون غائب ہے، جس سےمحسوس ہوتا ہے کہ واقعہ بظاہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ ہے۔ پولیس نے واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتیوں کی وارداتیں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور ڈاکو سر عام راہ چلتے شہریوں کو نہ صرف لوٹ رہے ہیں بلکہ معمولی مزاحمت پر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنادیتے ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک کئی شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ ان واقعات کے برعکس پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر یا ٹھوس اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں