کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنیوالے 1800 افراد کی فہرست منظرعام پر آگئی

پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے ہیلی کاپٹر پر 10 مفت وزٹ کیے، رپورٹ

(فوٹو : کے پی حکومت)

کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے 1800 افراد کی فہرست نیب نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں پیش کر دی۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے ہیلی کاپٹر پر 10 مفت وزٹ کیے جبکہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ ریحام خان نے 2 بار ہیلی کاپٹر پر مفت سفر کیا، ابرار الحق نے بھی ہیلی کاپٹر پر 2 ٹرپ مفت کیے۔

پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی، حفیظ اللہ اور امین اسلم بھی ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے جبکہ صحافیوں میں فریحہ ادریس، ڈاکٹر شاہد مسعود اور ارشد شریف کا نام بھی شامل ہے۔


رپورٹ پر چیئرمین پی اے سی نور عالم خان کا کہنا تھا کہ مفت ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں سے ریکوری کرکے رقم نیب میں جمع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے جس وجہ سےمجھے وزیراعظم نے دو گاڑیاں دی ہیں جس میں ایک بلٹ پروف ہے، مجھے ایک پارٹی لیڈر اور اس کے حواریوں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن بُلٹ پروف گاڑی واپس کر رہا ہوں کیونکہ میں اس کا پیٹرول نہیں برداشت کر سکتا۔

چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ آج کل پنجاب کا ہیلی کاپٹر بھی بہت زیادہ استعمال ہو رہا ہے نیب اس کو بھی چیک کرے۔ پی اے سی کی جانب سے نیب کو 1800 افراد کی لسٹ پیش کرنے پر تعریفی خط بھی لکھا گیا۔
Load Next Story