سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ دو روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے
انتونیو گوئتریس سیلاب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس 9 سے 10 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔
دورے کے دوران یو این سیکریٹری جنرل پاکستانی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ سیکریٹری جنرل سیلاب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کریں گے اور سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کریں گے۔
سکریٹری جنرل کا دورہ متاثرین کی انسانی اور دیگر ضروریات کے لیے ہم آہنگ اور مربوط بین الاقوامی ردعمل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے فلڈ ریسپانس پلان کی فنڈنگ کے لیے 160 ملین امریکی ڈالر کی اقوام متحدہ کی ''فلیش اپیل'' کی فعال طور پر حمایت کی۔