رواں ہفتے 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا وفاقی ادارہ شماریات
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 297 روپے ،20 کلو آٹے کا تھیلا 51 روپے اور انڈے 8 روپے 98 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موجودہ ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 297 روپے مہنگا ہوکر 3 ہزار 84 روپے کا ہوگیا،20 کلو آٹے کا تھیلا 51 روپے 75 پیسے، انڈے 8 روپے 98 پیسے کے اضافے سے فروخت ہوئے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ دال مونگ 6 روپے 41 پیسے، دال چنا 4 روپے، دال ماش 3 روپے 29 پیسے مہنگی ہوئی،چائے کی پتی، دہی، دودھ، ڈبل روٹی، آلو، لہسن، بیف، مٹن اور چاول بھی مہنگے ہوئے۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ حالیہ ہفتے 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ ہوئی، پیاز 73 روپے فی کلو اور ٹماٹر14 روپے46 پیسے فی کلو سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق کیلا 2 روپے 46 پیسے فی درجن اور گھی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 98 پیسے کمی آئی، حالیہ ہفتے 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے البتہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح ابھی بھی 42.70 فیصد رہی ہے۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 34.47فیصد رہی۔
اس طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی 40.37فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی39.36فیصد رہی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 23.59فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 44.01فیصدرہی ہے۔