گرین شرٹس کو خواب غفلت سے جگانے کیلیے شکست کی تھپکی

سری لنکا نے 122 کا آسان ہدف 5 وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا،اعتماد سے عاری پاکستانی بیٹنگ لائن 121پر ڈھیر

ہسارنگا3 شکار کرنے میں کامیاب،فاتح سائیڈ نے 3 وکٹیں 29 رنز پر گنوانے کے بعد سنبھلتے ہوئے ہدف 3اوورز قبل ہی پالیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

ایشیا کپ فائنل سے قبل گرین شرٹس کو خواب غفلت سے جگانے کیلیے شکست کی تھپکی مل گئی۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پہلے ہی اتوار کو شیڈول ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں، گذشتہ روز دبئی اسٹیڈیم میں آخری سپر فور میچ کا ٹاس آئی لینڈرز نے جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز نے پْراعتماد آغاز کرتے ہوئے زیادہ تر سنگلز اور ڈبلز پر انحصار کیا، چوتھے اوور میں مجموعی اسکور 28تھا کہ پرامود مدوشان نے محمد رضوان (14) کو وکٹ کیپر کوشل مینڈس کا کیچ بنواکر کیریئر کی پہلی وکٹ کا جشن منایا، اگلی گیند پر بابر اعظم بال بال بچ گئے،اسٹروک پر گیند فیلڈر کے اوپر سے گزر گئی،دھنن جایا ڈی سلوا نے کفایتی اوور سے دباؤ بڑھایا۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: سری لنکا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

پاور پلے میں ٹوٹل 49 تھا، وانندو ہسارنگا اور دھنن جایا نے بھی بیٹرز کو کھل کر اسٹروکس نہیں کھیلنے دیے،نویں اوور میں تو صرف 2رنز بنے،فخر زمان (13) نے چمیکا کرونا رتنے کی گیند باؤنڈری پر موجود وانندو ہسارنگا کے سپرد کردیبابر اعظم کی 29گیندوں پر 30رنز کی اننگز تمام ہوئی،ان کو وانندو ہسارنگا نے بولڈ کردیا۔

خوشدل شاہ اور افتخار احمد کو بھی اسٹروکس کھیلنے میں دشواری ہوئی، 13 اوورز میں بیٹرز نے صرف 3 باؤنڈریز حاصل کیں،اسی دباؤ کا شکار خوشدل شاہ (4) نے دھنن جایا ڈی سلوا کی گیند پر پاتھم نسانکا کو کیچ دے دیا،افتخار احمد (13) نے ہسارنگا کو چھکا جڑا مگر اگلی بال پر بولڈ ہوگئے،اسپنر نے آصف علی کی بیلز بھی بکھیر دیں۔


مزید پڑھیں: گوتم گمبھیر نے محمد نواز کو کیا مشورہ دیا؟

حسن علی(5)کو مہیش تھیکشانا نے ہسارنگا کی مدد سے دھرلیا، اسپنر نے اگلے اوور میں عثمان قادر (3) کو پاتھم نسانکا کی مدد سے چلتا کیا،محمد نواز (28) ہسارنگا کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے، حارث رؤف (1) پرامود مدوشان کی گیند پر دھنن جایا ڈی سلوا کا کیچ بن گئے، پاکستان ٹیم 5بالز قبل ہی 121پر ڈھیر ہوگئی، 9 وکٹیں 58 رنز کے سفر میں گنوائیں۔

وانندوہسارنگا 3 جبکہ مہیش تھیکشانااور پرامود مدوشان 2،2وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔جواب میں سری لنکا نے پہلی وکٹ دوسری گیند پر گنوا دی،کوشل مینڈس(0) نے محمد حسنین کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ دیا، اگلے اوور میں دنوشکا گونا تھلاکا (0) نے محمد رضوان کو کیچ کا موقع دے دیا۔

مزید پڑھیں: نسیم شاہ نے شاہین آفریدی کا کون سا ریکارڈ اپنے نام کرلیا؟

محمد حسنین اپنی گیند پر دھنن جایا ڈی سلوا(1) کا مشکل کیچ نہ لے سکے،حسن علی کے اوور میں پاتھم نسانکا نے 3 چوکوں سمیت 15 رنز بنا کر دباؤ کم کیا،حارث رؤف نے دھنن جایا(9) کو بابر اعظم کی مدد سے دھرلیا،حسن علی دوسرے اوور میں بھی مہنگے ثابت ہوئے، بھانوکا راجا پکسا (13) کو محمد رضوان اسٹمپڈ نہ کرسکے،نواز وکٹ سے محروم رہے،عثمان قادر تینوں اوورز میں رنز نہیں روک پائے، بالآخر وہ بھانوکا راجا پکسا (24) کو حارث رؤف کا کیچ بنوانے میں کامیاب ہوگئے۔

پاتھم شناکا نے ففٹی مکمل کرنے کے بعد حارث رؤف کو چوکا اور چھکا جڑ کر ٹیم کو ہدف کے قریب کیا،حسن علی کی گیند پر ڈاسن شناکا (14) کے کیچ کیلیے رضوان نے ریویو لیا لیکن ناکام رہے، محمد حسنین نے حریف کپتان کو 21 رنز پر حسن کا کیچ بنوا دیا، سری لنکا نے ہدف 3 اوورز قبل ہی 5 وکٹ پر حاصل کرلیا،پاتھم نسانکا 55، وانندو ہسارنگا ڈی سلوا 10پرناٹ آؤٹ رہے، محمد حسنین اور حارث رؤف نے 2،2کھلاڑیوں کو رخصت کیا۔
Load Next Story