کراچی میں ماہ ستمبر کا گرم ترین دن ریکارڈ

دن بھر شدید گرمی کے سبب لوکل سسٹم کے نتیجے میں مضافاتی علاقوں میں ہلکی ودرمیانی بارش ہوئی،محکمہ موسمیات

فوٹو: فائل

شہر قائد میں سمندری ہوائیں غیرفعال ہونے اور بلوچستان کی گرم ریگستانی ہوائیں چلنے کے سبب ہفتے کو شہر میں انتہائی گرم دن ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر لو چلنے سے ستمبر کے اوسط سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا، زیادہ سے زیادہ پارہ 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی۔

دن بھر شدید گرمی کے سبب لوکل سسٹم کے نتیجے میں شہر کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی ودرمیانی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ستمبر کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 33.4ڈگری سینٹی گریڈ ہے،ستمبر کا اب تک بلند ترین درجہ حرارت 42.7 ڈگری سینٹی گریڈ 20 ستمبر 2015 میں ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب دن بھر شدید گرمی کے سبب اچانک شہر کے مضافاتی علاقوں میں کہیں ہلکی ودرمیانی اور کہیں بونداباندی اور پھوار کا سلسلہ شروع ہوا۔

گلشن حدید،گلستان جوہر،اورنگی ٹاون،نارتھ کراچی،سرجانی ٹاون جبکہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں بارش ہوئی،چند مقامات پر تیزدھوپ کے دوران بارش جاری رہی۔


چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بارش لوکل سسٹم کے تحت ریکارڈ ہوئی، دن بھر جاری اووہیٹنگ بارش کا سبب بنی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں باقاعدہ کسی سسٹم کے نتیجے میں بارش کے کوئی امکانات نہیں ہیں،اگلے کئی روز تک گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لوپریشر بھارتی راجستھان پر موجود ہے،جس کے سبب دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق ہواکا کم دباو گجرات(بھارت)اور اس کے ملحقہ علاقوں پر موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس نظام کے زیر اثر 14 ستمبر تک تھرپارکر،عمرکوٹ،بدین اور میرپورخاص،ٹنڈومحمد خان،سجاول اور ٹھٹھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی درمیانی بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ سے جاری تفصیلات کے مطابق سندھ کے مذکورہ اضلاع میں کہیں کہیں تیزبارش بھی ہوسکتی ہے،کراچی میں اگلے 3 روز تک موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے41 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
Load Next Story