کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی اور القاعدہ برصغیر کے دہشت گرد گرفتار
سی ٹی ڈی نے محمد شاہ عرف ڈنگ اور صہیب طارق عرف عثمان کو گرفتار کیا
سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے دہشت گرد کو میٹروول سے جبکہ ایک اور کارروائی میں القاعدہ برصغیر کے دہشت گرد صہیب طارق عرف عثمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ٹارگٹڈ کارروائی کے لیے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب دہشت گرد محمد شاہ عرف ڈنگ عرف طلحہ عرف محمد علی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد سی ٹی ڈی پشاور کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کا تعلق ٹی ٹی پی کے طارق گیدڑ گروپ سے ہے، ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ماہ رمضان میں ازاخیل ڈیم درہ آدم پر مامور ایف سی کی چوکی پر راکٹ لانچروں سے حملہ کیا گیا تھا۔
القاعدہ برصغیر کا دہشت گرد صہیب طارق عرف عثمان گرفتار
علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ برصغیر کے دہشت گرد صہیب طارق عرف عثمان کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم صہیب طارق عرف عثمان نے 2019 میں طلحہ نامی شخص کے تعاون سے افغانستان میں واقع القاعدہ برصغیر کے کیمپ انچارج قاری عبداللہ سے رابطہ کیا جس کے بعد ملزم براستہ دلبندین افغانستان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ افغانستان برامچہ میں ملزم نے ایک ماہ کی تربیت حاصل کی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ افغانستان برامچہ میں موجود اوطاق میں اس کی ملاقات وہاں انڈین شہری عبدالرحمن اور طلحہ سے بھی ہوئی جن کا تعلق بھی القاعدہ سے تھا۔