کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے خاتون سمیت 7 افراد زخمی
پولیس نے فائرنگ کے مختلف واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ کچھ ملزمان کو حراست میں بھی لیا گیا ہے
کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی زد میں آکر خاتون سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے یارو گوٹھ میں اتوار کی شب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا اور نقدی و موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، زخمی ہونے والے شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس واقعے سے متعلق ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ محمد احسان ولد محمد انیس کے نام سے کی گئی، پولیس واقعے کی تحقیقات کرا رہی ہے جلد ملزمان پولیس کی حراست میں ہوں گے۔
پیرآباد کے علاقے قصبہ نیومیانوالی کالونی اقصیٰ مسجد کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں کی شناخت 55 سالہ حاکم خان ولد عالم خان اور 22 سالہ شیر خان ولد ثنا اللہ کے نام سے کی گئی۔
مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی سیکٹر 10 میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 24 سالہ کامران ولد رمضان کے نام سے کی گئی، فائرنگ کرنے والے شخص کا نام بھی کامران ہے جس سے زخمی ہونے والے کامران کا جھگڑا ہوا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزم کو اسلحہ سمیت حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔
فرئیر کے علاقے پنجاب کالونی گلی نمبر 13/B میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے خاتون اور ایک شخص زخمی ہوگئے، زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت 25 سالہ مریم زوجہ شہروز اور 26 سالہ امیر علی ولد الہی بخش کے نام سے کی گئی، معاملہ ذاتی نوعیت کا ہے۔
جمشید کوارٹر کے علاقے جیل چورنگی عثمانیہ اسپتال کے قریب پراسرار فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 16 سالہ کاشف ولد فدا حسین کے نام سے کی گئی۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے ضیا کالونی ناصر چوک کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی ہونے والے شخص کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 22 سالہ شہباز ولد گل خان کے نام سے کی گئی ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔