ہرجانہ کیس میں عدم پیشی پر عمران خان پر 2 ہزار روپے جرمانہ
عدالت نے عمران خان پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی
پشاور ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف پر ہرجانہ کیس میں پیش نہ ہونے پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیراعظم کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا، جس پر عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
وکیل درخواست گزارہ غفران اللہ شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ درخواست گزارہ اور گواہان عدالت میں موجود ہے لیکن عمران خان کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔
عمران خان کے خلاف پی ٹی آئی کی سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی نے 50 کروڑ روپے ہرجانے کا کیس دائر کر رکھا ہے، کیوں کہ سینٹ الیکشن 2018 میں ووٹ بیچنے کے الزام پر پی ٹی آئی نے فوزیہ بی بی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔
فوزیہ بی بی نے سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کے الزامات پر عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس دائر کیا ہے، جس میں اب تک 5 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
عدالت نے عمران خان کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے کیس کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔