شہری کی ڈاکوؤں کا اسلحہ چھین کر فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک رقم کوئی اور شخص لیکر فرار

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے رقم لیکر فرار ہونے والےکی تلاش شروع کردی۔


Staff Reporter September 12, 2022
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے رقم لیکر فرار ہونے والےکی تلاش شروع کردی۔

کورنگی میں بینک سے رقم نکلوانے والے فیکٹری مالک اورمنیجرسے رقم چھینے کی واردات کے دوران فیکٹری مالک نے ڈاکوؤں کا اسلحہ چھین کرانہیں پرفائرنگ کردی جس سے 2 ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے۔

چھینا جھپٹی کی واردات کے دوران فیکٹری مالک سے گرنے والی رقم، موبائل فون اور انٹر نیٹ ڈیوائس مجمع میں سے کوئی شخص لیکر رفو چکر ہوگیا. پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے رقم لیکر فرار ہونے والےکی تلاش شروع کردی۔

شہرقائد میں ڈاکو راج بدستور برقرار ہے ، پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ،شہریوں نے ازخود ڈاکوؤں سے نمٹنا شروع کردیا ۔

پیر کوعوامی کالونی تھانے کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا بلال چورنگی کے قریب فیکٹری مالک اورمنیجرسے رقم چھینے کی واردات کے دوران فیکٹری مالک نے ڈاکوؤں کا اسلحہ چھین کرانہی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں2 ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے۔

چھینا جھپٹی کی واردات کے دوران فیکٹری مالک سے گرنے والی رقم ، موبائل فون اور انٹر نیٹ ڈیوائس مجمع سے کوئی شخص لیکر رفو چکر ہوگیا۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی لانڈھی نوازخان اورایس ایچ اوعوامی کالونی جمال خان لغاری نے ایکسپریس کو بتایا کہ فیکٹری مالک ابرار اپنے منیجرفیضان کے ہمراہ کورنگی صنعتی ایریا میں واقع بینک الحبیب سے 50 ہزار روپے لیکر موٹر سائیکل پر واپس فیکٹری جا رہے تھے ایک موٹر سائیکل پر سوار2 ڈاکوؤں نے ان کا تعاقب شروع کردیا اورکچھ ہی فاصلے پرجاکرسنسان جگہ مسلح ڈاکوؤں نے انہیں روک کراسلحے کے زور پر رقم چھینے کی کوشش کی۔

فیکٹری مالک ابرارنے مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں سے پستول چھین کرانہیں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو موقع پرہلاک ہوگئے پولیس کے مطابق فیکٹری مالک سے چھینا جھپٹی کی واردات کے دوران فیکٹری مالک سے شاپنگ بیگ میں موجودرقم، موبائل فون اور ایک انٹرنیٹ ڈیوائس وہیں گر گئی جو کہ موقع پرموجود مجمع سے کوئی شخص لوٹ کر فرار ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی اورہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے 125 موٹر سائیکل اور ایک نائن ایم ایم پستول برآمد کرلی اور ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں ،پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی تاحال کوئی شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے پولیس کے مطابق متاثرہ فیکٹری مالک کی کورنگی میں موٹر سائیکلوں کے پرزے بنانے کی فیکٹری ہے۔

پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ رقم سمیت دیگر چیزیں لوٹ کرفرار ہونے والوں کوسراغ لگا کرانہیں گرفتارکیا جا سکے ۔

دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن تھانے کے علاقے پٹنی محلے میں 2 مسلح ڈاکومیڈیکل اسٹورمیں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے اور واردات کے بعد فرارہو رہے تھے کہ میڈیل اسٹورکے مالک احسان سلیم نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ڈاکوؤں پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا زخمی ڈاکو کو مبینہ طورپرشہریوں کی جانب سے تشدد کانشانہ بھی بنایا گیا۔

بعدازاں ڈاکو کوشہریوں نے پولیس کے حوالے کردیا زخمی حالت میں پکڑے جانے والے ڈاکو کوسول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 30 سالہ نادر ولد عبدالخالق کے نام سے کی گئی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کے قبضے سے ایک میگزین اورایک موٹر سائیکل ملی ہے جبکہ پستول اسکا ساتھی لیکر فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں