پاکستان کی اسپین و برطانیہ سے سیریز کا انعقاد دشوار

فنڈز کی کمی آڑے آگئی، وزیراعظم خصوصی توجہ دیکر مسائل حل کرائیں، ہاکی آفیشل

فنڈز کی کمی آڑے آگئی، وزیراعظم خصوصی توجہ دیکر مسائل حل کرائیں، ہاکی آفیشل۔ فوٹو: فائل

فنڈز کی عدم دستیابی کے سبب پاکستان کی اسپین اور برطانیہ کیخلاف ہاکی سیریز کا انعقاد بھی دشوار ہو گیا،فیڈریشن کو دونوں یورپیئن ممالک کی جانب سے باہمی سیریز کیلیے دعوت نامے موصول ہوئے تھے لیکن پی ایچ ایف نے فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک جواب نہیں دیا۔


سیکریٹری رانا مجاہد نے نمائندہ '' ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسپین اور برطانیہ5,5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا چاہتے ہیں، اس ضمن میں باقاعدہ طور پر دعوت نامے بھی موصول ہو چکے لیکن ہم انھیں کوئی مثبت جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں قومی کھیل بقاکی جنگ لڑ رہا ہے، وزیر اعظم نواز شریف سے درخواست ہے کہ وہ خصوصی طور پر توجہ دیتے ہوئے ہاکی کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں کردار ادا کریں۔

رانا مجاہد نے کہاکہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزارت فنانس کو درخواست دی ہے کہ قومی بجٹ میں ہاکی کیلیے رقم مختص کی جائے تاکہ ہم اپنے مسائل حل کرسکیں ۔ انھوں نے کہا کہ اگر رقم نہیں ہوگی تو قومی کھیل کو ماضی کے سنہرے دور کی جانب واپس لانے میں مشکلات درپیش آئیں گی، پاکستانی اسکواڈ بڑی ٹیموں کے خلاف میچز نہیں کھیل سکا تو کارکردگی میں بہتری کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے،ہاکی پلیئرز کو بھی کرکٹرز کی طرح سہولتیں فراہم کی جائیں تو پاکستان شاندار ماضی جیسے عروج کی جانب لوٹ سکتا ہے۔
Load Next Story