بھائی کو قتل کرنیوالا بھائی گرفتاری سے بچنے کیلیے گھر میں برقع پہن کر بیٹھ گیا

جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے 22 سالہ شہباز شدید زخمی ہوگیا تھا، پولیس


ویب ڈیسک September 12, 2022
فوٹو: فائل

کورنگی ضیاء کالونی میں بھائی کو قتل کرنیوالا بھائی گرفتاری سے بچنے کیلیے گھر میں برقع پہن کر بیٹھ گیا تھا جسے پولیس نےگرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ضیاء کالونی میں 2 بھائیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے 22 سالہ شہباز شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایس ایچ او کورنگی عامر اعظم نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گھر کے اندر جھگڑے کے دوران قینچی کے وار سے پیش آیا تھا،پولیس نے قتل کے الزام میں مقتول کے بڑے بھائی شہزاد کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا،واقعہ دونوں بھائیوں کے درمیان ایک دوسرے کے اہلخانہ کو گالیاں دینے کے باعث پیش آیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم اتنا شاطر ہے کہ قتل کے بعد بھائی کی میت خود سرد خانے رکھوانے گیا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے گھر میں برقع پہن کر بیٹھا تھا تاہم پولیس نے قتل کا معمہ چند گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے ملزم کو قانون کی گرفت میں لیکر مقدمہ درج کرلیا اور مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں