رمیز راجہ بھارتی صحافی کے سوال پرآگ بگولہ ہوگئے

آپ لوگ تو پاکستان کی شکست پر بہت خوش ہوں گے،چیئرمین کا ردعمل

فائنل میں کیچز ڈراپ ہونے سے پوزیشن کمزور ہوئی،یہی ٹیم ورلڈ کپ جیتے گی۔ فوٹو:فائل

رمیزراجہ بھارتی صحافی کے سوال پر آگ بگولہ ہو گئے۔

رمیز راجہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ایشیا کپ کا فائنل دیکھنے کیلیے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تھے، گرین شرٹس کی شکست کے بعد جب وہ باہر نکلے تو میڈیا سے سامنا ہوا، بھارتی صحافی نے سوال کیا کہ پاکستانی شائقین دل شکستہ ہیں، ان کو کوئی پیغام دینا چاہیں گے۔

جواب دینے کے بجائے انھوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو بھارت کے ہیں،آپ لوگ تو پاکستان کی شکست پر بہت خوش ہوں گے، کسی اور صحافی کو جواب دیتے ہوئے انھوں نے ساتھ کھڑے شخص کو ہاتھ نہ لگانے اور کیمرے کے فریم سے باہر ہونے کا بھی کہا۔




رمیز راجہ نے کہا کہ کیچز ڈراپ ہونے کی وجہ سے ٹیم کی پوزیشن کمزور ہوئی، بیٹنگ کا ردھم نہیں بنا، ناک آئوٹ میچ کا کوئی دبائو نہیں تھا،میرا کھلاڑیوں کو پیغام ہے کہ اچھے طریقے سے کھیلتے رہیں، میچز جیتیں گے، یہی ٹیم ورلڈ کپ جیتے گی۔

یاد رہے کہ میڈیا کے سوالات پر رمیز راجا کے برہم ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے،کئی بار پریس کانفرنس کے دوران ان کی جانب سے غصے کا اظہار کیا جاتا ہے، گزشتہ دنوں پاکستان جونیئر لیگ کی ڈرافٹ تقریب میں بھی انھوں نے سوالات کا جواب دینے کے بجائے غصے میں الٹا سوالات کیے تھے، اب دبئی اسٹیڈیم کے باہر ان کی تلخ گوئی کو بھی بھارتی میڈیا میں خوب اچھالا جارہا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی میچ کے دوران رمیز راجہ کی انتہائی سنجیدہ موڈ کی تصاویر شیئر کی جاتی رہیں۔
Load Next Story