ٹریفک حادثات اور واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد ہلاک

محمد شاہ قبرستان میں ایک مزار کی تعمیر کے دوران دیوار گرنے سے 2گورکن جاں بحق، بس الٹنے سے7مسافر زخمی ہوگئے


Staff Reporter March 19, 2014
محمد شاہ قبرستان میں ایک مزار کی تعمیر کے دوران دیوار گرنے سے 2گورکن جاں بحق، بس الٹنے سے7مسافر زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں پولیس اہلکار سمیت5افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سر سید ٹاؤن کے علاقے نارتھ کراچی ڈسکو موڑ کے قریب واقع محمد شاہ قبرستان میں ایک مزار کی تعمیر کے دوران تیز ہوا کے باعث دیوار مزدوروں کے اوپر گر گئی ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی وہاں موجود گورکن اور دیگر لوگوں نے ملبے کے نیچے دبے 2گورکنوں کو نکال کر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں پر دونوں افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے جاں بحق ہو گئے ، پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہو نے والوں کی شناخت 25سالہ مختیار ولد عمر بخش اور20سالہ سلیم ولد محمد حبیب کے نام سے کی گئی ، ڈاکس کے علاقے نیٹی جیٹی پل پر منگل کی صبح تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 45سالہ غلام شبیر ولد بارود خان اور اس کا ساتھی طور خان زخمی ہو گیا ۔

زخمیوں کی طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں غلام شبیر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ طور خان کی حالت تشویشناک ہے، متوفی پولیس کانسٹیبل تھا اور سیکیورٹی زون ٹو میں تعینات تھا ، سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نیول کالونی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 17سالہ یاسین ولد فتح محمد جاں بحق ہو گیا جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی متوفی ماڑی پور مشرف کالونی کا رہائشی تھا، مذکورہ واقعے کے کچھ دیر بعد ہی بلدیہ ٹاؤن گلشن مزدور میں ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو سول اسپتال لایا گیا جہاں پر30سالہ نامعلوم شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا جبکہ زخمی ہونے والے دوسرے شخص شیر زمان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، بغدادی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں تیز رفتار منی بس موڑ کاٹتے ہو ئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 7مسافر زخمی ہو گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں