عمران خان نے ٹی وی انٹرویو میں فواد چودھری کو جھوٹا ثابت کردیا

فواد چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں کے مابین ملاقات نئی نہیں، تین برس پرانی ہے


ویب ڈیسک September 13, 2022
رابن رافیل امریکی حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ امریکی تھنک ٹینک کے ساتھ ہیں، سابق وزیراعظم (فوٹو فائل)

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹی وی پر انٹرویو کے دوران اپنی ہی پارٹی کے رہنما فواد چودھری کے دعوے کی تردید کرکے انہیں جھوٹا ثابت کردیا۔

سابق وزیراعظم نے انٹرویو میں سابق امریکی سفارت کار اور سی آئی اے کی تجزیہ کار اور امریکی لابسٹ رابن رافیل سے حال ہی میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میں رابن رافیل کو پرانا جانتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکی حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، بلکہ امریکی تھنک ٹینک کے ساتھ ہیں۔

عمران خان کی رابن رافیل سے ملاقات کے سلسلے میں سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں کے درمیان حالیہ دنوں میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی بلکہ یہ ملاقات 3 برس پرانی ہے۔ بعد ازاں گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے عمران خان سے ان کی بات نہیں ہوئی۔

فواد چودھری نے پینترا بدلتے ہوئے کہا کہ رابن رافیل اگر پاکستان میں ہیں، یا پاکستان میں آئیں گی تو ان سے ملاقات کرنا کوئی مسئلے کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رابن رافیل ریٹائر ہو چکی ہیں اور ان کا امریکی حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے، تاہم چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹی وی پروگرام میں ملاقات نہ ہونے کے فواد چودھری کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا ثابت کردیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل یہ خبر میڈیا کی شہ سرخیاں میں تھی کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے سابق امریکی سفارتکار رابن رافیل نے بنی گالا میں ملاقات کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں