سول اسپتال کوئٹہ میں نرسز اور ڈاکٹرز کا بائیکاٹ متعدد نومولود جاں بحق
سول اسپتال انتظامیہ نے واقعے میں ملوث افراد کو جزوی طور پر معطل کرکے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی
سول اسپتال کوئٹہ میں نرسز اور ڈاکٹرز کے بائیکاٹ کے باعث آئی سی یو وارڈ میں متعدد بچے جان کی بازی ہار گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپتال میں طبی عملے کی غفلت کے باعث متعدد بچوں کے لقمہ اجل بننے کا واقعہ سول اسپتال کوئٹہ میں پیش آیا جہاں ڈاکٹر اور نرسز کے جھگڑے نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھا دی۔
ڈاکٹر اور نرسز نے آپس میں جھگڑے کے بعد ڈیوٹی کا بائیکاٹ کیا جس کے باعث کئی نومولود جاں بحق ہوگئے۔
ڈاکٹر اور نرسز کی عدم موجودگی کے باعث جاں بحق ہونے والی نومولود بچی کے والد نے وارڈ میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی ویڈیو وائرل کر دی۔
بچی کے والد نے الزام عائد کیا کہ بچی کی حالات سیریس تھی ڈاکٹروں کے نہ ہونے کے باعث بچی جاں بحق ہو گئی جب کہ کچھ اور بچے بھی جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے سے متعلق ڈپٹی میڈیکل سپرٹینڈنٹ کا کہنا ہے کہ آئی سی یو اور سی سی یو کے احاطے میں نارا بازی کرنے والے تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی ایم ایس کا کہنا تھا کہ اسپتال میں پیش آنے والے واقعے کو بنیاد بناکر کچھ شرپسند عناصر اسپتال کا ماحول خراب کرنے میں مصروف عمل ہیں جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی ایم ایس نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے تک دونوں فریقین کو جزوی طور پر معطل کردیا گیا ہے جب کہ انکوائری کمیٹی رپورٹ میں جو بھی قصور وار ثابت ہوا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔