آسٹریلوی عوام کے نام ملکہ برطانیہ کا خط مزید 63 برس تک خفیہ رکھا جائے گا
آنجہانی ملکہ الزبتھ دوّم نے 1986 میں دورہ سڈنی کے موقع پر یہ خط تحریر کیا تھا
آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوّم کا آسٹریلوی عوام کیلئے لکھا گیا خفیہ خط سامنے آگیا تاہم اسے مزید 6 دہائیوں تک کھولا نہیں جاسکتا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی تخت پر براجمان ملکہ یا بادشاہ ، آسٹریلیا کا بھی سربراہ مملکت ہوتا ہے جو کہ گزشتہ 70 برس سے ملکہ الزبتھ دوم تھیں۔
اپنے 70 سالہ دور اقتدار کے دوران ملکہ برطانیہ نے 16 مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کیا اور 1986 میں اپنے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر ملکہ نے سڈنی کی عوام کیلئے ایک خط لکھا جسے سڈنی کی کوئن وکٹوریہ بلڈنگ میں محفوظ کردیا گیا۔
آنجہانی ملکہ برطانیہ کی جانب سے خط پر تحریر تھا کہ 'سال 2085 میں اس خط کو کھولا جائے گا اور پھر سڈنی کے عوام تک میرا پیغام پہنچایا جائے گا' اور ساتھ اس پر ملکہ الزبتھ دوّم کے دستخط بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق اس خط کو شیشے کے باکس میں رکھ کر کوئن وکٹوریہ بلڈنگ میں محفوظ کردیا گیا ہے جسے مزید 63 برس تک پڑھنا ممکن نہیں ہوگا۔