سری لنکن ٹیم پر شائقین کی محبتوں کے پھول نچھاور

وطن واپسی پر شایان شان استقبال ، کھلی چھت والی ڈبل ڈیکر بس پر پریڈ

وطن واپسی پر شایان شان استقبال ، کھلی چھت والی ڈبل ڈیکر بس پر پریڈ۔ فوٹو: اے ایف پی

فاتح ایشیا سری لنکن کرکٹ ٹیم پر شائقین نے محبتوں کے پھول نچھاور کردیے، وطن واپسی پر بورڈ اور حکومتی آفیشلز نے چیمپئنز کا شایان شان استقبال کیا۔

ایشیا کپ فائنل میں پاکستان ٹیم کو 23 رنز سے شکست دینے والی سری لنکن ٹیم وطن واپس پہنچ گئی جہاں پر اس کا شایان شان استقبال کیا گیا، بندرانائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرفاتح سائیڈ کو خوش آمدید کہنے کیلیے کرکٹ بورڈ اور وزارت کھیل کے اعلیٰ حکام موجود تھے، کھلاڑیوں نے بہت بڑی وکٹری پریڈ میں شرکت کی۔

ایک کھلی چھت والی ڈبل ڈیکر بس میں تمام فاتح پلیئرز سوار ہوئے جنھوں نے چمچماتی ایشیا کپ ٹرافی ہاتھوں میں تھام رکھی تھی، سڑک کے دونوں جانب شائقین اپنے ہیروز کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھے، بس قریب پہنچنے پر وہ نعرے لگاتے، خوشی سے اچھلتے کودتے اور تالیاں بجا کر ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے، سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس وکٹری پریڈ کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی گئیں۔


مزید پڑھیں: پاکستان کو شکست دے کر سری لنکا ایشیا کپ کا چیمپیئن بن گیا

معاشی بحران سے دوچار سری لنکن عوام کو اپنی ٹیم کی جانب سے ایشیا کپ فتح کی صورت میں خوشی کی خبر ملی، جس سے ان کے چہرے جگمگانے لگے۔

یاد رہے کہ پاکستان سے فائنل میں فتح کے بعد کپتان شناکا کاکہنا تھا کہ شائقین اپنے کرکٹرز پر یقین کرنا سیکھیں، ان کے بارے میں بہت سی باتیں کی جاتی ہیں، انھیں بھی اپنی زندگی جینے کا حق ہے، ان کی اپنی نجی زندگی بھی ہے، آپ حوصلہ افزائی کریں گے تو وہ اور بہتر پرفارم کریں گے،مجھ سے جتنا ہوسکتا تھا میں نے اپنے پلیئرز کو اعتماد دیا اور انھوں نے اس کا میدان میں بھرپور مظاہرہ کیا۔

Load Next Story