سیلاب متاثرین کیلیے امداد لے کر امارات سے ایک اور پرواز کراچی پہنچ گئی

دبئی ہاؤس کے عملے، نمائندہ این ڈی ایم اے اور پاک فوج 5 کور کے افسر نے پرواز کو کراچی ائرپورٹ پر خوش آمدید کہا

تئیسویں امدادی پرواز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ کیا

متحدہ عرب امارات سے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے امداد لے کر ایک اور پرواز کراچی پہنچ گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: سیلاب متاثرین کیلیے امداد لیکر امارات سے مزید 2 طیاروں کی کراچی لینڈنگ

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے برادر اسلامی ملک کی جانب سے اماراتی ائرفورس کی تئیسویں امدادی پرواز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ کیا۔


اس موقع پر دبئی ہاؤس کے عملے، این ڈی ایم اے کے نمائندے اور پاک فوج کے 5 کور کے ایک افسر نے پرواز کو کراچی ائرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔

دنیا بھر سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام سول ایوی ایشن کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے دنیا بھر سے 62 امدادی پروازیں کراچی آچکی ہیں، جن میں آنے والا سامان سندھ اور بلوچستان کے متاثرین تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق سب سے زیادہ 36 طیارے امارات سے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچے، جن میں سے 23 پروازیں حکومت اور عوام کی جانب سے امدادی سامان لے کر پہنچیں۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق امارات سے 13 طیاروں نے اقوام متحدہ کا امدادی سامان کراچی پہنچایا۔ جمہوریہ ترکیہ سے امدادی سامان لے کر 11 خصوصی پروازیں کراچی پہنچیں۔ چین سے 4، قطر سے 3 اور سعودی عرب سے 2 طیاروں نے امدادی سامان پہنچایا۔ ازبکستان، فرانس، ترکمانستان، اُردن اور نیپال سے ایک ایک امدادی پرواز کراچی اتری۔

علاوہ ازیں یونیسیف کی جانب سے بھی ایک طیارہ امدادی سامان لے کر کراچی پہنچا تھا۔ حکومت سندھ، این ڈی ایم اے، ‏موفا، پاک فوج اور دیگر افسران امدادی پروازوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے ائرپورٹ پر موجود ہیں۔
Load Next Story