بھارتی کھلاڑی روبن اتھاپا کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
وہ بیرون ملک ٹی ٹوئنٹی لیگ میں حصہ لے سکیں گے
بھارتی بلے باز روبن اتھاپا نے تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تاہم وہ بیرون ملک ٹی ٹوئنٹی لیگ میں حصہ لے سکیں گے۔
روبن اتھاپا نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو 2006 میں کیا تھا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے 46 ون ڈے میچز میں 934 رنز جبکہ 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 249 رنز بنائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر روبن اتھاپا نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ''میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ بھارت کی جانب سے نمائندگی کی''۔
انہوں نے آئی پی ایل کی اپنی سابقہ ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز اور موجودہ ٹیم چنائی سپر کنگز کا بھی شکریہ ادا کیا۔ آئی پی ایل کے آخری سیزن میں انہوں نے چنائی سپر کنگز کی جانب سے 12 میچز کھیل کر 230 رنز بنائے تھے جس میں سب سے زیادہ 88 رنز بھی شامل تھے
واضح رہے کہ روبن اتھاپا نے بیرون ملک ٹی 20 لیگز میں کھیلنے کے لیے این او سی بھی حاصل کر لیا ہے۔