امریکا نے شام کا سفارتخانہ اور قونصل خانے بند کر دیئے

لاکھوں افراد کو قتل کرنے والی حکومت کی امریکا میں نمائندگی ہماری بے عزتی ہے، جان کیری


AFP/ March 19, 2014
امریکا نے شام کے غیر ملکی سفارتی عملے کو بھی 31 مارچ تک وطن چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

لاہور: امریکا نے واشنگٹن میں واقع شامی سفارتخانے اور مشی گن اور ٹیکساس کے قونصل خانے بھی بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا نے شام کو واشنگٹن میں واقع شامی سفارتخانہ اور مشی گن اور ٹیکساس میں قائم قونصل خانے بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکا نے شام کے غیر ملکی سفارتی عملے کو بھی 31 مارچ تک وطن چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ شامی سفارت خانہ اور قونصل خانے بند کرنے کا فیصلہ شامی صدر بشارالاسد کی حامی حکومت کی لا قانونیت انتہا تک پہنچنے کی وجہ سے کیا گیا ہے، شامی حکومت گزشتہ 3 سالوں میں ایک لاکھ 40 ہزارلوگوں کو قتل کر چکی ہے اس لئے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ شامی حکومت کی امریکا میں نمائندگی ہماری بے عزتی ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین پساکی کا کہنا ہے کہ نیویارک میں واقع شام کا اقوام متحدہ کا مشن جاری رہے گا تاہم امریکا نے شام کے اقوام متحدہ کے سفارت کار بشار جعفری کی سفری حرکات کو 25 میل کے دائرے تک محدود کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شامی سفارت خانے کی طرف سے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ امریکا میں مزید خدمات انجام نہیں دیں گے جب کہ شامی سفیر امریکا سے دسمبر 2011 میں چلے گئے تھے اور امریکی دارالحکومت میں شام کا سفارت خانہ کچھ عرصے سے بغیر سفیر کے کام کر رہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں