نیا الیکشن تمام بحرانوں کا حل ہے مگر حکومتی قیادت اس پر متفق نہیں صدر مملکت

آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر سب مل بیٹھ کر گفتگو کرلیں، امید ہے شہباز شریف کا رویہ مثبت ہوگا، عارف علوی

فوٹو فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بات چیت کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں مگر بہت سے لوگ سیاسی بحران سے نکلنے کو تیار نہیں ہیں، کچھ لے دے کر الیکشن کا معاملہ نمٹا لینا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ انتخابات ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل ہے، سیاست دانوں کے درمیان الیکشن پر بات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پیش کش کردی مگرموجودہ حکومت میں شامل سیاسی قیادت الیکشن پر متفق نہیں، کچھ لے دے کر الیکشن کا معاملہ نمٹا لینا چاہیے، میری کوششیں جاری ہیں جن کا زیادہ اظہار نہیں کرسکتا۔


عارف علوی کا کہنا تھا کہ فوج سے مثبت بات چیت رہتی ہے، آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر سب مل بیٹھ کر گفتگو کرلیں، امید ہے شہباز شریف کا رویہ مثبت ہوگا، مجھے ڈر ہے معاشی بحران اس نہج پر نہ چلا جائے کہ عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری بحران کے حل کو بات چیت سے حل کرنے کے لیے میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہوئے ہیں مگر بہت سے لوگ سیاسی بحران سے نکلنے کو تیار نہیں ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں، الیکشن کی تاریخ،شفاف الیکشن اور فی الوقت معاشی بہتری ، یہ تین چیزیں ملک کے لیے بہت ضروری ہیں۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مستقبل رابطے میں ہوں اور بحران کا حل نکالنے کے لیے کوشش میں مصروف ہوں۔ سیلابی صورت حال پر بھی قابو پانے کے لیے پیسے کی ضرورت ہے
Load Next Story