گیٹس فاؤنڈیشن کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 75 کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستانی سفیر مسعود خان نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس کو پاکستان کی سیلابی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے خط لکھا تھا
بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے تقریباً ساڑھے 7 کروڑ ڈالرز کی انسانی امداد دینے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے حکومت پاکستان کی امدادی سرگرمیوں کو معاونت فراہم کرنے اور اپنی موجودہ گرانٹس کے مصارف کو ازسر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدر کرسٹوفر الیس سفیر پاکستان مسعود خان کو لکھے گئے خط میں ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فاؤنڈیشن پولیو پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے چلائے جانے والے 1200 ہیلتھ کیمپوں کی بھی مدد کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن تین زچگی اسپتالوں کے لیے مزید امداد بھی فراہم کرے گی تاکہ ایسے اسپتالوں کہ جن میں بے گھر ہونے والی خواتین کی دیکھ بھال کا بوجھ زیادہ ہے وہاں زچگی سے متعلقہ سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔
سفیر پاکستان کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی سبسڈی اور کیش ٹرانسفر کی مد میں چالیس لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔
کرسٹوفر الائیئس نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر گہری ہمدردی اور دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب ایک قومی المیہ ہے جو کہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور ان کے گھروں اور انکی زمینوں پر سیلاب کے تباہ کن اثرات انتہائی غم انگیز ہیں ۔
اس موقع پر سفیر پاکستان مسعود خان نے مشکل اور ضرورت کی گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کرنے پر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ سفیر پاکستان مسعود خان نے 26 اگست 2022 کو شریک چیئر مین بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن ، بل گیٹس کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے بل گیٹس کو سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔
سفیر پاکستان نے خط میں بتایا تھا کہ یہ سیلاب ماحولیاتی تبدیلی اور موسم کی شدت کی وجہ سے آیا ہے۔
خط میں انہوں نے کہا تھا کہ بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے صحت کے شعبے اور بحرانوں کے حوالے سے پاکستان کی ہمیشہ مدد کی ہے۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ امداد کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی عوام 2010 کے سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن کی جانب سے کی جانے والی ا مداد اور 700,000 ڈالر کے فراخدلانہ عطیہ کو نہیں بھولے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی پر قابو پانے اور متاثرہ عوام کی مشکلات کم کرنے کی ہماری کوششوں میں فاونڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ فوری امداد قابل تحسین ہوگی۔