راولپنڈی میں موجود بائیک کا چالان لاہور میں کٹنے سے شہری پریشان  

محسوس ہوتا ہے کہ اسی رجسڑیشن نمبر کو کوئی جعلساز لاہور میں استعمال کررہا ہے، سی ٹی او راولپنڈی


ویب ڈیسک September 15, 2022
موٹرسائیکل لے کر کبھی راولپنڈی کے علاقے سے باہر نہیں نکلا ہے، شہری ، فوٹو: فائل

سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی جانب سے راولپنڈی کے رہائشی شیخ عبدالرحمٰن کی بائیک کا چالان لاہور میں کٹنے سے مالک پریشان ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بائیک کا چالان ٹکٹ لاہور میں کاٹ کر راولپنڈی میں مالک کو بجھوادیا گیا جبکہ مالک کا دعویٰ ہے کہ وہ موٹرسائیکل لے کر کبھی راولپنڈی کے علاقے سے باہر نہیں نکلا ہے۔

شیخ عبدالرحمن کے مطابق اس نے کچھ عرصہ قبل ہی نئی موٹر سائیکل خریدی ہے اور یہ راولپنڈی ایکسائیز ڈیپارٹمنٹ میں رجسڑڈ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کیمرے کی ڈیجیٹل تصویر کے ساتھ الیکڑانک چالان ٹکٹ موصول ہوا جس کے مطابق 5 ستمبر کو اکبر چوک لاہور میں موٹر سائیکل پر ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ چالان ٹکٹ پر تمام کوائف میرے ہی ہیں۔

تاجر نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ اگر اسی طرح موٹرسائیکل کسی خطرناک جرم میں استعمال کرنے کا الزام مجھ پر تھوپ دیا گیا تو میں بڑی مشکل میں پھنس سکتا ہوں۔

سی ٹی او راولپنڈی نوید ارشاد سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسی رجسڑیشن نمبر کو کوئی جعلساز لاہور میں استعمال کررہا ہے چناں چہ معاملے کو سیف سٹی اتھارٹی و لاہور پولیس سے چیک کروائیں گے اور اصل مالک کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔