ڈکیتی کا شکار ہونے کا دعویٰ کرنے والا ’زخمی‘ شخص مفرور ڈاکو نکلا
پولیس نے متاثرہ کے بیان کی تصدیق کی تو اس کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا
عباسی شہید اسپتال میں علاج کے لیے آنے والا ایک زخمی شخص، جو ڈکیتی کا شکار ہونے کا دعویٰ کر رہا تھا، فرار ہونے والا ڈاکو نکلا۔
پولیس نے بتایا کہ فہد نامی شخص منگل اور بدھ کی درمیانی شب زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال پہنچا۔
اس نے اسپتال کے طبی عملے کو بتایا کہ وہ سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سے گزر رہا تھا جب نامعلوم افراد نے اسے اسلح کی نوک پر لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اسے گولی مار کر زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
ڈاکٹروں کو زخمی شخص کے بیان پر شک ہوا اور انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے متاثرہ کے بیان کی تصدیق کی تو اس کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دستگیر میں جوہرآباد پولیس اور 3 ملزمان کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس میں ایک ملزم زخمی ہوا تاہم فہد کے اسپتال پہنچنے سے قبل اس کے ساتھی اسے لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔