وزیراعظم کا مہنگائی کا اعتراف اعترافِ جرم ہے سراج الحق

سیاسی، معاشی، سماجی عدم استحکام سے ملک انتہائی مشکلات کا شکار ہے، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک September 15, 2022
—فائل فوٹو

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا مہنگائی کا اعتراف، اعترافِ جرم ہے اور سیاسی، معاشی، سماجی عدم استحکام سے ملک انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔

بن شاہی اپردیراور ثمرباغ لوئردیر میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم اور وزیرتوانائی کے بیانات میں واضح تضاد، قوم کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی نااہلی سے پاکستان مسائلستان بن گیا، وسائل سے مالامال 22کروڑ عوام کے ایٹمی پاکستان کی معاشی بدحالی کے ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکمران ہیں، جاگیردار، وڈیرے اور ظالم سرمایہ دار ملک کے وسائل پر سات دہائیوں سے قابض ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام سانپوں کو دودھ پلانا بند کردیں، یہ اژدھے بن کر غریبوں کو ہی نگل لیں گے، آزمائی ہوئی جماعتوں سے بھلائی کی توقع نہیں، بہتری صرف اسلامی نظام سے ہی آئے گی، سیلاب،مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے عوام کا سانس لینا دشوار بنا دیا۔ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی سزا قوم بھگت رہی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ سیلاب قوم کے لیے آزمائش اور چیلنج ہے، ہمیں اجتماعی توبہ اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، وزرا کے گوداموں سے سرکاری امداد برآمد ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے متنبہ کر چکے ہیں کہ سرکاری امداد کی تقسیم میں کرپشن کا خطرہ ہے، حکمران باز نہ آئے تو عوام ان کے محلات کا گھیراؤ کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، لوگوں کے صبر کو مزید نہ آزمایا جائے، انہیں ان کا حق دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر علاقوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی سیلاب سے بڑی تباہی آئی ہے، لوگوں کی عمر بھر کی کمائی آناً فاناً پانی میں بہہ گئی، عمارات، انفراسٹرکچر اورگھر سیلاب کی نذر ہو گئے، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت متاثرین کو ریلیف پہنچانے میں بے بس اور ناکام نظر آ رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |