آئی جی سندھ کا زخمی کو اسپتال پہنچانے پر انعام اور کیس میں گواہ نہ بنانےکا اعلان

جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کمیونٹی پولیسنگ کو ایک مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے،غلام نبی میمن


ویب ڈیسک September 16, 2022
فوٹو: فائل

آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ سڑک پر کسی بھی زخمی کو اسپتال پہنچانے والے شہری کو نہ صرف انعام سے نوازا جائے گا بلکہ اسے کیس میں زبردستی گواہ بھی نہیں بنایا جائے گا۔

آی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فائرنگ اور ایکسیڈنٹ کے زخمیوں کو اسپتال پہنچانے میں شہری ہچکچاتے ہیں، پولیس کی جانب سے تفتیش کے خوف کی وجہ سے زخمی کو بروقت اسپتال منتقل نہیں کیا جاتا،بعض دفعہ ایسی صورتحال میں زخمی شخص کی جان بھی چلی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری سڑک پر کسی بھی زخمی کو دیکھیں تو فوری اسپتال منتقل کردیں، زخمی کو اسپتال منتقل کرنے والے شہری کو پولیس زبردستی گواہ نہیں بنائے گی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو تحریری طور پر ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو شہری بھی ایسے زخمی کی مدد کرے گا اسے پولیس کی جانب سے انعام دیا جائے گا، آئی جی سندھ کی ہدایت کے بعد سندھ پولیس نے تمام ڈسٹرکٹ کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ نظریہ کمیونٹی پولیسنگ کا فروغ وقت کا تقاضہ ہے ، جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کمیونٹی پولیسنگ کو ایک مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے جس کے تحت شہریوں کے جرائم کے خلاف جراُت مندانہ اقدامات اور ان کے حوصلوں کو تقویت دینا فی زمانہ ایک ضرورت بن چکا ہے۔

غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ پہلے فیز میں شہر میں نصب تمام نجی سی سی ٹی وی کیمروں کو باقاعدہ مددگار 15 سسٹم سے منسلک کرنا زیر غور ہے اور جلد ہی اس اقدام پر عمل درآمد کردیا جائے گا۔

کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ جیسے اقدامات کو ہر سطح پر قابل عمل بناتے ہوئے ڈکیتی،رہزنی،چھینا جھپٹی وغیرہ کے خلاف بروقت اور مؤثر پولیس ایکشن سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے جرائم کے حوالے سے انسدادی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو بھی کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ جرائم کے خلاف حقیقی معنوں میں کامیابی کا انحصار مربوط اور ٹھوس پولیس ایکشن کے علاوہ اس پہلی اطلاع پر بھی ہوتا ہے جو جرائم کے خلاف شہری انفرادی یا اجتماعی حیثیت میں متعلقہ پولیس کو دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف جراُت مندانہ اقدامات اور جرائم سے متعلق تفصیلات پولیس سے شیئر کرنےپرشہریوں کو ناصرف سراہا جائیگا بلکہ انھیں نقد انعامات کے ساتھ ساتھ تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔

آئی جی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے شہریوں کو بروقت طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کریں ، مزید برآں انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف یقینی کامیابی کے لیے پولیس سے بلا کسی خوف یا جھجک ہر ممکن تعاون کو ناصرف یقینی بنائیں بلکہ اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کی بدولت ایک پرامن اور مثالی معاشرے کے قیام کے لیئے تمام تر کاوشیں بھی کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں