انگلش اسکواڈ کو صدر مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم

چھتوں پر اسنائپرز اور مشین گنز اٹھائے گارڈز موجود، بلٹ پروف بسوں میں سفر


Sports Desk September 17, 2022
غیر معمولی ماحول کھلاڑیوں کیلیے پہلا بڑا چیلنج ہے، 1،2 روز میں عادی ہونگے،بٹلر (فوٹو : پی سی بی)

انگلش اسکواڈ کو کراچی میں صدرمملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جب کہ چھتوں پر اسنائپرز ومشین گنز اٹھائے گارڈز کی موجودگی میں بلٹ پروف بسوں میں سفر مہمان کرکٹرز کیلیے ایک منفرد تجربہ ثابت ہوا۔

17سال بعد پاکستان آنے والی انگلش ٹیم کو کراچی میں صدرمملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے،سفر کیلیے پی سی بی نے لاہور سے بلٹ پروف بسیں پہلے ہی پہنچا دی تھیں، ایئرپورٹ سے ہوٹل آمد اور گذشتہ روز ہوٹل سے اسٹیڈیم آنے اور جانے کے دوران سخت ترین حفاظتی انتظامات دیکھنے میں آئے،ٹیم کے روٹ پر اطراف کی چھتوں پر اسنائپرز مستعد رہے،مشن گنز اٹھائے گارڈز نے بھی حصار قائم رکھا،ہوٹل کے آس پاس 300کے قریب اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: انگلش کپتان پاکستان کیخلاف مکمل سیریز نہیں کھیل سکیں گے

شہر کے مختلف علاقوں، خاص طور پر ٹیم کے روٹ اور اسٹیڈیم کے اطراف میں سادہ کپڑوں میں موجود سیکیورٹی اہلکار بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ ہو رہی ہے، میچ کے دن کئی سٹرکیں معمول کی ٹریفک کیلیے بند بھی کی جائیں گی۔

انگلش کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ کچھ زیادہ ہی لگتا ہے، بہرحال اس کا مقصد تمام سرگرمیوں کو محفوظ انداز میں مکمل کرنا ہوگا،ماحول معمول سے ہٹ کر ہونا کھلاڑیوں کیلیے پہلا بڑا چیلنج ہے مگر 1،2 روز میں عادی ہونے پر پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہوگی۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ اور انگلینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے انگلش آل راؤنڈر کرس جورڈن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ برادری کا اہم رکن ہے، شائقین کو انٹرنیشنل میچز دیکھنے کا موقع ملنا چاہیے، مہمان کرکٹرز کا اچھا وقت گزرے گا، پچز بھی اچھی ہیں،بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔یاد رہے کہ انگلی فریکچر ہونے کی وجہ سے کرس جورڈن انگلش اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں