ملٹی وٹامنز کا استعمال ذہنی صحت کے بدتر ہونے سے بچاؤ میں مددگار قرار

تاہم، محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق کے نتائج کی اضافی تحقیق سے تصدیق ضروری ہے


ویب ڈیسک September 17, 2022
(فوٹو: فائل)

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ کی بنیادوں پر ملٹی وٹامنز کا استعمال ممکنہ طور پر بوڑھے افراد کی ذہنی صحت کو بدتر ہونے سے بچا سکتا ہے۔

امریکا میں کی جانے والی تحقیق میں سائنس دانوں کے سامنے یہ بات آئی کہ تین سال تک ان وٹامنز کے استعمال کے نتیجے میں دماغی صحت کے خراب ہونے کی رفتار میں تقریباً 60 فی صدکمی واقع ہوئی۔ وہ افراد جو امراضِ قلب کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں سب سے زیادہ فائدہ ان میں دیکھا گیا۔

لیکن محققین کی جانب سے ایک بات واضح کی گئی ہے کہ الزائمرز اینڈ ڈیمینشیا میں شائع ہونے والے اس تحقیق کے نتائج کی اضافی تحقیق سے تصدیق ضروری ہے۔

امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں قائم ویک فاریسٹ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن میں گرونٹولوجی اور گیریئٹک میڈیسن کی پروفیسر لارا ڈی بیکر جو تحقیق کی مرکزی محققین میں سے ایک تھیں، کا کہنا تھا کہ ذہنی صحت کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے روزمرّہ کے وٹامن ادویہ کی تجویز دینا قبل از وقت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں یہ ابتدائی نتائج امید افزا ہیں وہیں بڑے اور وسیع پیمانے پر لوگوں کے مختلف گروہوں پر اضافی تحقیق کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی محققین کو اس چیز کو بہتر سمجھنے کی بھی ضرورت ہے کہ ملٹی وٹامن کیوں بوڑھے افراد کی ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ہوسکتی ہیں۔

یہ تحقیق میں 65برس اور اس سے بڑی عمر کے 2200 افراد پر تین برسوں سے زیادہ عرصے تک جاری رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں