انتخابی جلسوں میں پختونخواہ حکومت کے ہیلی کاپٹر کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے الیکشن کمیشن

انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان سے جواب طلب

(فوٹو: فائل)

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخواہ کے ضمنی انتخابات میں ہونے والی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی جلسوں میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بھی بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخواہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے پیر انیس ستمبر کو دوپہر دو بجے اہم جلاس طلب کرلیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں ضابطہ اخلاق توڑنے والوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی پر غور کیا جائے گا جبکہ مسلسل خلاف ورزی کے سلسلے میں صوبائی الیکشن کمشنر کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو بھی الیکشن کمیشن طلب کرلیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں وزیر اعلیٰ اور کابینہ کے ممبران انتخابی ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں، جلسوں میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کا بھی بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔


دوسری جانب این اے 24 چارسدہ میں پی ٹی آئی جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن کا کہناہے کہ بار بار تنبیہ کے باوجود وزیراعلٰی کے پی کے نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی،سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کا بےدریغ استعمال کیا گیا۔

الیکن کمیشن کی طرف سے عمران خان کو بھی بطور امیدوار نوٹس جاری کرنے کے ساتھ وزیراعلٰی کے پی کے،وزیر قانون فضل شکور،مشیر معدنیات محمد عارف کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر چارسدہ نے 20ستمبر کو تمام افراد کو طلب کرلیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ تمام امیدواروں کو یکساں ماحول میسر نہیں آ رہا، کیوں نہ وزیراعلٰی کے پی پر ضمنی انتخاب کے دوران ہیلی کاپٹر کے استعمال پر پابندی عائد کردی جائے۔

ڈی ایم او کا مزید کہنا ہے کہ ایسے رکاوٹیں ڈالی گئیں تو کیوں نہ امیدوار کو نااہل کرنے کی سفارش کردی جائے،الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری نوٹس میں ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Load Next Story