ہماری ٹیم کو ہرگز بی ٹیم قرار نہیں دیا جاسکتا انگلش کپتان معین علی

ہم جوز بٹلر کو ٹیم میں شامل کرکے رسک نہیں لینا چاہتے، کپتان انگلینڈ ٹیم


Sports Reporter September 18, 2022
فوٹو : پی سی بی ٹویتر

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان معین علی نے کہا ہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی ہماری ٹیم کو ہرگز بی ٹیم قرار نہیں دیا جا سکتا، اسکواڈ میں شامل نئے کھلاڑیوں کو خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مہمان ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری نبھانے والے معین علی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ کی بی ٹیم نہیں بلکہ ہمارے کئی کھلاڑی انجری کا شکار ہیں، اس کے باوجود ہم سمجھتے ہیں کہ دیگر کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں شامل نئے پلیئرز کے پاس موقع ہے کہ وہ خود کو منوائیں، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی پیش کر چکے ہیں، ہم ان کی موجودگی اور تجربہ سے فائدہ اٹھائیں گے۔

معین علی نے کہا کہ اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ جوز بٹلر سیریز کے تمام میچز سے باہر ہوئے یا چند میچز میں ان کی خدمات دستیاب ہو سکیں گی۔

انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ہم جوز بٹلر کو ٹیم میں شامل کرکے رسک نہیں لینا چاہتے، پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، لیکن دونوں ٹیمیں اسپینرز کو اچھا کھیلتی ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے خدمات انجام دینے والے ثقلین مشتاق جب ہمارے کوچ تھے تو ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کا شکار ہیں جس کے باعث ٹیم کی قیادت معین علی کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں