کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج پتھراؤ سے پولیس اہلکار زخمی

زخمیوں میں شاہ لطیف تھانے کا اے ایس آئی 40 سالہ منور حسین اور کانسٹیبل 30 سالہ اقرار شامل ہیں، ترجمان پولیس


Staff Reporter September 19, 2022
فوٹو فائل

شاہ لطیف ٹاؤن میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کے خلاف علاقہ مکین مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور ٹریفک کی روانی معطل کرا دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے پریشان عوام سڑکوں پر نکل آئی، مظاہرین نے سڑک پر ٹریفک کی روانی معطل کرکے کے الیکٹرک اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کی۔

سڑک بلاک کیے جانے اور احتجاج کی اطلاع ملنے پر شاہ لطیف پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے ڈنڈے مارنے شروع کیے تو مظاہرین پولیس کے رویے پر مزید مشتعل ہوگئے اور پتھراؤ شروع کر دیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی، تاہم علاقہ مکینوں کی جانب سے پتھراؤ جاری رہا جس کی زد میں آکر دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مظاہرین احتجاج ختم کرکے گھروں کی جانب لوٹ گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی بحال ہوگئی ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمیوں میں شاہ لطیف تھانے کا اے ایس آئی 40 سالہ منور حسین اور کانسٹیبل 30 سالہ اقرار شامل ہیں ، پولیس نے پتھراؤ کرنے کے الزام میں دو مظاہرین کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ۔

police

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں