راولپنڈی خاتون سمیت 4 ذہنی معذور افراد بازیاب مزید تین ملزمان گرفتار

پولیس نے معذور افراد پر تشدد اور پیسے جمع کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر مزید گرفتاریاں کیں، سرغنہ پہلے سے گرفتار ہے


ویب ڈیسک September 19, 2022
حالیہ گرفتار تین ملزمان اور پہلے سے گرفتار ایک ملزم کی تصویر (فوٹو : راول پنڈی پولیس)

ذہنی معذوروں سے بھیک منگوانے اور تشدد کے معاملے میں راولپنڈی پولیس نے خاتون سمیت چار ذہنی معذور افراد کو بازیاب کرکے تین مزید ملزمان کو گرفتار کرلیا، سرغنہ خادم حسین پہلے ہی گرفتار ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گنجمنڈی پولیس نے ذہنی معذور افراد سے بھیک منگوانے والے 3 مزید ملزمان آصف، ظفر اور شاہد کو گرفتار کرکے خاتون سمیت چار ذہنی معذور افراد کو بازیاب کرالیا جن میں ان میں حیات، راشد، مرتضی اور فاطمہ شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان ذہنی معذور افراد سے شہر کے مختلف علاقوں میں بھیک منگواتے تھے۔

گزشتہ روز گروہ کے سرغنہ خادم حسین کی معذور افراد پر تشدد کرکے اپنی خدمت کرانے اور بھیک سے جمع ہونے والی رقم گنتی کرنے کی ویڈیوز وائرل ہوئیں تھیں جس پر سی پی او راولپنڈی شہزاد ندیم بخاری نے نوٹس لیتے ہوئے مرکزی ملزم خادم حسین کو گرفتار کروا کر 27 ہزار روپے کی نقدی برآمد کی تھی۔

یہ پڑھیں : راولپنڈی میں ذہنی معذور افراد سے جبری بھیک منگوانے والا سفاک ملزم گرفتار

سی پی او راولپنڈی شہزاد ندیم بخاری کا کہنا تھا کہ ملزمان کے سفاکانہ اقدام نے انسانیت کو شرما دیا، ملزمان کو سخت سے سخت سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ملزمان سے تفتیش کے دوران مزید ملزمان کی گرفتار ی کی کوشش کی جائے گی، شہری ایسی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اورپولیس کو اطلاع دیں، ذہنی معذور افراد پر تشدد یا ان کا استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں