اینٹی نارکوٹکس نے کارروائیوں میں 22 کلو ہیروئن برآمد کرلی

سول اسپتال کے قریب چھاپے میں ملزم کو گرفتار کرکے20کلو ہیروئن برآمدکی گئی

اینٹی نار کوٹکس فورس کا سپاہی ایئر پورٹ کے قریب سے برآمد ہونے والی منشیات کا جائزہ لے رہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے2 مختلف کارروائیوں میں 22 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔


ترجمان اے این ایف کے مطابق دونوں کارروائیوں میں برآمد کی جانے والی ہیروئن کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے ہے، تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے خفیہ اطلاع پر سول اسپتال کے برنس وارڈ کے قریب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی20 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی جبکہ گرفتار کیے جانے والے ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے مطابق برآمد کی جانے والی ہیروئن ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کی جانی تھی لیکن بروقت کارروائی کے باعث ہیروئن منتقل نہیں کی جاسکی برآمدہ ہیروئن کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے ہے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایئر پورٹ سے متصل ٹی سی ایس ہیڈکوارٹر پر مشکوک پارسل کی موجودگی پر کارروائی کرتے ہوئے پارسل تحویل میں لیکر چیک کیا تو اس میں سے اعلیٰ کوالٹی کی 2 کلو 200 گرام ہیروئن برآمد کر لی، برآمد کی جانے والی ہیروئن مہارت سے شادی بیاہ کی تقریبات میں استعمال کی جانے والی مہندی کی پلیٹوں میں چھپاکر برطانیہ اسمگل کی جارہی تھی، برآمدہ ہیروئن کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے، ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
Load Next Story