آئل پینٹنگ کی 10 کارآمد تکنیک

آئل پینٹنگ کےلیے ان آسان اور عملی تکنیکس کے ذریعے آپ اپنی پینٹنگز کو بہتر بناسکتے ہیں


عمران زیب September 20, 2022
ہر قسم کی پینٹنگ کو سیکھنے میں وقت لگتا ہے۔ (فوٹو: فائل)

جب آپ پہلی بار پینٹنگ شروع کرتے ہیں تو آئل پینٹنگ کی تکنیکوں میں مہارت حاصل کرنا خاص طور پر مشکل لگتا ہے۔ یقیناً ہر قسم کی پینٹنگ کو سیکھنے میں وقت لگتا ہے، لیکن آئل پینٹنگ کی کچھ خاص تکنیکس سیکھنے سے پینٹنگ اچھی بن سکتی ہے۔ آئل پینٹنگ کےلیے کچھ آسان اور عملی تکنیکس کے ذریعے آپ اپنی پینٹنگز کو بہت زیادہ اچھا بناسکتے ہیں۔ یہاں آئل پینٹنگ کو زیادہ بہتر بنانے کےلیے 10 ضروری تکنیکس بتائی جارہی ہیں اور آپ کے کام میں معاون ثابت ہوں گی۔

 

(1) پینٹ برش کو صحیح طریقے سے پکڑیئے


پینٹنگ کرتے وقت پینٹ برش کو پکڑنے کے بہت سے طریقے ہیں، لیکن ایک بہترین طریقہ ہے جو ہر فنکار کو اسٹروک کو زیادہ سے زیادہ روانی اور حساسیت حاصل کرنے کےلیے جاننا چاہیے۔ جہاں تک ہوسکے برش کے ہینڈل کو پیچھے سے پکڑیے۔ یہ غیر آرام دہ محسوس ہوگا، لیکن یہ برش پر سب سے زیادہ کنٹرول فراہم کرتا ہے کیونکہ یہ آپ کو نہ صرف کلائی سے بلکہ پورے بازو سے پینٹ کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔

(2) برش کی بناوٹ کے لحاظ سے مہارت حاصل کیجئے


جب آپ پینٹنگ کر رہے ہوتے ہیں تو یہ بھول جاتے ہیں کہ آپ کے برش کے دو رخ ہوتے ہیں۔ ایک فلیٹ (چپٹا چوڑا) اور دوسرا پتلا۔ آپ اپنے برش کے فلیٹ سائیڈ کا استعمال کرتے ہوئے وسیع اور چوڑے اسٹروک لگا سکتے ہیں۔ برش کے پتلے رخ کی طرف سے باریک لکیریں اور لمبے اسٹروک لگائے جاسکتے ہیں۔ اپنے برش کی بناوٹ کے حساب سے لائنوں اور اسٹروک کو کنٹرول کرنا سیکھنے سے آپ تیزی اور زیادہ استعداد کے ساتھ پینٹ کرسکتے ہیں۔

(3) برش پر دباؤ کی مقدار کو کنٹرول کیجئے


پینٹ برش پر زیادہ دباؤ دینے سے گریز کیجئے۔ کبھی کبھی اسٹروک پر دباؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے رنگ میلے ہوجاتے ہیں اور کبھی برش پر دباؤ سے بہت اچھے رنگ آپس میں ملتے ہیں۔ برش پر زیادہ دباؤ کی وجہ سے رنگ اسٹروک کے اطراف میں تو گھل مل جاتے ہیں مگر ان اسٹروک کے کنارے پر موٹا رنگ رہ جاتا ہے۔ آپ کو اندازہ ہونا چاہیے کہ ہلکے، درمیانے اور بھاری اسٹروک کینوس پر کیسے نظر آئیں گے اور مطلوبہ تاثر حاصل کرنے کےلیے آپ کو برش کے دباؤ کو مناسب طریقے سے استعمال کرنا آنا چاہیے۔

(4) پینٹنگ میڈیم کو اچھے طریقے سے استعمال کیجئے


آئل پینٹنگ میں صرف پینٹ ہی استعمال نہیں ہوتا۔ پینٹ کو کنٹرول کرنے کا ایک لازمی حصہ آپ کے پینٹنگ میڈیم کے استعمال پر بھی ہے۔ عام طور پر سالوینٹس اور تیل کا مرکب پینٹ میں ترمیم کرنے اور اسے مختلف طریقوں سے لگانے کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بہت سارے میڈیم کو شامل کرنے سے آپ کا پینٹ صاف اور شفاف ہوتا ہے جسے انگلش میں گلیزنگ اور واش کہتے ہیں، جب کہ تھوڑا سا میڈیم شامل کرنے سے آپ کو پینٹ کی مقدار مایونیز جیسی ملے گی۔

(5) اپنے رنگوں کو خالص رکھیے


جب آپ اپنے پیلیٹ پر ڈھیری سے پینٹ اٹھاتے ہیں تو محتاط رہیے اور یقینی بنائیے کہ آپ کا برش صاف ہو، ورنہ آپ ان رنگوں کو داغدار کردیں گے جو آپ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ رنگوں کی شدت کو جو ٹیوب سے نکلتے ہیں، انھیں خالص رکھنے پر زور دیجئے۔ لہٰذا اپنے برش کو باقاعدگی سے صاف کرنا چاہیے، یہاں تک کہ اگر ضرورت ہو تو اسٹروک کے درمیان بھی۔

(6) اگر ممکن ہو تو دو رنگوں کا مرکب استعمال کیجئے


رنگ ملانے کے دوران مختلف رنگوں کو پینٹ کی ڈھیری سے اٹھانا مدھم اور میلا مرکب بنائے گا۔ صرف دو رنگوں اور سفید کو ملا کر آپ کو جیسا رنگ چاہیے اسے بنانے کی مشق کیجئے۔ رنگوں کے بارے میں تحقیق کرکے معلومات میں اضافہ کیجئے۔ رنگ ملانے میں بہتری ہونے سے آپ زیادہ تیزی اور موثر طریقے سے پینٹ کرسکتے ہیں، اس سے آپ کا کام بھی بہتر ہوگا۔

(7) رنگ زیادہ مکس نہ کیجئے


جب مخلوط رنگ پہلی بار آپس میں ملتے ہیں تو مرکب میں چھوٹے چھوٹے مختلف شیڈز نظر آتے ہیں، جو درحقیقت آپ کے پینٹ کو بارونق اور دلچسپ بناتے ہیں۔ اس لیے جب آپ رنگوں کو آپس میں ملا کر مرکب بناتے ہیں تو یہ یقینی بنائیے کہ آپ انہیں صرف اتنا ہی مکس کریں جتنا کہ اسٹروک لگانے سے پہلے ضروری ہے۔ اگر آپ دو رنگوں کو بہت زیادہ مکس کرتے ہیں، تو آپ ایک دلچسپ مکسچر کو فلیٹ اور بورنگ پینٹ میں تبدیل کردیں گے۔

(8) رنگوں کو لگانے میں کنجوسی نہ کیجئے


کبھی کبھی آپ کو پتلے گلیز (glaze) کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن دوسری جگہ آپ کو اپنے مطلوبہ اثر کو حاصل کرنے کےلیے موٹے اسٹروک کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے اس بات کو یقینی بنائیے کہ آپ اپنی ضرورت کے مطابق اسٹروک کی قسم بنانے کےلیے مناسب مقدار میں پینٹ استعمال کررہے ہیں۔ اپنی پینٹنگ کی کم قیمت کی وجہ سے پینٹ میں کنجوسی نہ کیجئے۔ اگر آپ اپنے پیلیٹ پر پینٹ کی ڈھیری کے گرد برش کو مسلسل گھماتے ہیں تو شاید یہ مرکب پتلا ہوجائے اور پھر اس کو دوبارہ بنانے کی ضرورت ہے۔

(9) گیلا بمقابلہ خشک برش آزمائیے


یاد رکھیے کہ آپ گیلی سطح پر براہ راست پینٹ کرسکتے ہیں یا آپ اس کے خشک ہونے کا انتظار کرسکتے ہیں اور پھر اس پر گیلا پینٹ لگا سکتے ہیں۔ گیلا کام کرنے سے پینٹ کینوس پر خوبصورتی سے گھل مل جاتے ہیں، جو ٹرانزیشن یا گریڈینٹ بنانے کےلیے بہت اچھا ہے۔ خشک برش سے پینٹنگ آپ کو زیادہ ٹیکسچرل اثر دے گی، جو اینٹوں، مٹی، گھاس وغیرہ کو پینٹ کرنے کےلیے بہترین ہے۔

(10) پیلیٹ چاقو کو مت بھولیے


پیلیٹ چاقو محض ایک اوزار نہیں جسے آپ پینٹ کو ملانے کےلیے استعمال کرتے ہیں۔ اسے دلچسپ اسٹروک بنانے کےلیے بھی بہت موثر طریقے سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ایک پیلیٹ چاقو ٹیکسچرل اور غیر متوقع اسٹروک بنانے کےلیے خاص طور پر مفید ہے۔ ایسے اثرات جن کو برش کے ساتھ لگانے میں آپ کو مشکل ہوتی ہو، مثلاً موٹا (thick, impasto) ناہموار ابھرا ہوا رنگ وغیرہ وہاں پیلیٹ چاقو کا استعمال کیجئے۔

مندرجہ بالا تکنیکس کے ذریعے آپ اپنی پینٹنگز کو زیادہ سہل طریقے سے بخوبی بنا سکتے ہیں۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے