پنجاب میں پی ٹی آئی کارکن اپنے خلاف درج مقدمات ختم کروانے میں مصروف

لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف 12 مقدمات خارج کردیے، ذرائع


ویب ڈیسک September 20, 2022
انویسٹی گیشن پولیس نے مقدمات کی اخراج رپورٹ بھی بنادی ہے (فوٹو فائل)

مخالفین پر مقدمات خارج کروانے کا واویلا کرنے والی تحریک انصاف کے کارکن خود پنجاب میں پارٹی کی حکومت قائم ہونے کے بعد اپنے خلاف درج مقدمات خارج کروانے میں مصروف ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف درج مقدمات خارج ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف 12 مقدمات خارج کردیے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس نے مقدمات کی اخراج رپورٹ بھی بنادی ہے۔

واضح رہے کہ پولیس نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے موقع پر کارکنوں کے خلاف 13 مقدمات درج کیے تھے۔یہ مقدمات سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانےپر درج ہوئے تھے۔ بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب میں حکومت آنے کے بعد پولیس افسران کا تبادلہ کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کی موجودہ قیادت نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے بجائے مقدمات ہی خارج کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کےانتخاب کے دوران بھی ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں مسلم لیگ ن کے 12 ارکان اسمبلی نامزد کیے گئے تھے، جن کا مقدمہ تاحال زیر تفتیش ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں