وزیراعظم سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری کی ملاقات

موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے نتیجے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، جان کیری


ویب ڈیسک September 21, 2022
دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور مابین دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری نے نیویارک میں ملاقات کی ہے۔

 

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین سائیڈ لائن ملاقات نیو یارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نمائندہ خصوصی جان کیری نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور دونوں ممالک کے مابین دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے ملاقات کے بعد اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز اور میں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب اور اس کی تباہ کاریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بحران سے نمٹنے کے لیے 55 ملین ڈالر کی انسانی امداد روانہ کی جا چکی ہے۔





جان کیری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے نتیجے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور سیلاب متاثرین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں