اسلام آباد ہائیکورٹ نیب کا اپنے ہی 3 سابق افسران کیخلاف بنایا ریفرنس خارج

عدالت نے سابق ڈی جی خورشید انور بھنڈر، صبح صادق اور ڈپٹی ڈائریکٹر مرزا شفیق کے خلاف ریفرنس کالعدم قرار دیدیا


ویب ڈیسک September 21, 2022
محض اختیار کا غلط استعمال کرپشن میں نہیں آتا ، چیف جسٹس کے ریمارکس (فوٹو فائل)

ہائی کورٹ نے نیب کا اپنے ہی تین سابق افسران کے خلاف بنایا گیا ریفرنس خارج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت نے سابق ڈی جی خورشید انور بھنڈر ، صبح صادق اور ڈپٹی ڈائریکٹر مرزا شفیق کے خلاف ریفرنس کالعدم قرار دے دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس خارج کردیا۔

تینوں سابق نیب افسران کے خلاف نیب راولپنڈی نے اختیارات کے غلط استعمال کا ریفرنس دائر کیا تھا۔ جس پر سماعت کے دوران عدالت نے تینوں سابق افسران کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ محض اختیار کا غلط استعمال کرپشن میں نہیں آتا ۔ افسران کا مس کنڈکٹ تھا تو یہ ڈیپارٹمنٹل ایشو تھا ۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ عدالت کو مطمئن کریں کہ یہ کیس بنتا کیسے تھا ؟ ۔ ان کے خلاف زیادہ سے زیادہ مس کنڈکٹ کا کیس بنتا تھا نیب قانون کے تحت جرم پھر بھی نہیں بنتا۔ بہت بڑا نقصان بھی ہو گیا ہو اگر، کرپشن نہیں ہے تو جرم نہیں بنتا۔ افسران پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں تو پھر ان پر ریفرنس کیسے بنتا ہے؟۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نیب کے پاس اختیار ہے کہ اپنے آرڈیننس کو چھوڑ کر لوگوں کو خوار کرتا رہے؟ ۔ کیا سپریم کورٹ نے نیب کا اپنے اختیار سے نکل کر ریفرنس دائر کرنے کا کہا تھا؟ ۔ ان کیسز کے تحت اتنی مشکل کا سامنا کرنے والوں کا ازالہ کیا ہے؟۔

بعد ازاں عدالت نے تینوں افسران کے خلاف ریفرنس خارج کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں