بھارتی نژاد کینیڈین شہری بھی سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف

ہماری تنظیم انٹرنیشنل پنجابی فاؤنڈیشن مختلف ممالک میں ویلفیئر کے کام کر رہی ہے، سردار گرچرن سنگھ


آصف محمود September 21, 2022
فوٹو : ایکسپریس نیوز

پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد اور بحالی کی سرگرمیوں کے لیے جہاں حکومت، فلاحی تنظیمیں دن رات کام کر رہی ہیں اور مختلف ممالک کی طرف سے امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے وہیں گزشتہ کئی روز سے ایک بھارتی نژاد کینیڈین شہری سردار گرچرن سنگھ بنوت بھی پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف ہیں۔

سردار گرچرن سنگھ بنوت نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ ان کی تنظیم انٹرنیشنل پنجابی فاؤنڈیشن مختلف ممالک میں ویلفیئر کے کام کر رہی ہے، وہ کسی ملک اور مذہب کے نمائندے نہیں بلکہ بابا گورونانک اور واہے گورو کی تعلیمات کی روشنی میں مصیب اور مشکل کا شکار اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد کے لیے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ابتک سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں یہاں بسنے والے سکھ بھائیوں اور حکومتی نمائندوں کی رہنمائی میں سینکڑوں خاندانوں میں خیمے، راشن، ادویات اور نقد رقوم تقسیم کر چکے ہیں۔ سردارگرچرن سنگھ کا کہنا تھا کہ یہاں حالات بہت تشویش ناک ہیں، لوگوں کو بہت زیادہ مدد کی ضرورت ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی تعمیر اور بحالی کے عمل میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں، اس کے لیے خطیر رقم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دنیا بھر میں بسنے والی سکھ کمیونٹی اور بین اقوامی فلاحی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں بڑھ چڑھ کر پاکستانی قوم کا ساتھ دیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی قوم نے انہیں جو پیار دیا اور حکومت پاکستان نے انہیں امدادی سرگرمیوں کی اجازت دی وہ اس پر حکومت پاکستان کے بھی شکرگزار ہیں۔ ان کی تنظیم اس وقت تک سیلاب متاثرین کی مدد کرتی رہے گی جب تک تمام متاثرہ خاندان اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں