پنجاب سے کوئی افسر ہماری اجازت کے بغیر واپس نہیں جائے گا پرویز الہیٰ

آپ محنت سے جرائم کے خاتمے کے لیے کام کریں حکومت مکمل تحفظ اور سپورٹ دے گی، وزیراعلیٰ کی سی سی پی او کو ہدایت


ویب ڈیسک September 22, 2022
فوٹو اسکرین گریپ

وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے ملاقات کی اور انہیں ڈیوٹی رکھنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کسی بھی افسر کا تبادلہ نہیں ہونے دے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی وزیراعلی پنجاب پرویز الہی سے ملاقات ہوئی جس میں مونس الہیٰ بھی موجود تھے۔ پرویز الہی نے سی سی پی او لاہور کو شاباش دی اور اُن کے کام کو سراہتے ہوئے ڈیوٹی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی کہ ادھر ہی کام کریں، آپ کو جانے نہیں دیں گے، آپ محنت سے جرائم کے خاتمے کے لیے کام کریں حکومت مکمل تحفظ اور سپورٹ دے گی۔

علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں پولیس کانفرنس ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ تھانے آنے والے ہر سائل کی بلاتفریق دادرسی کرے۔جب عام آدمی کا رویہ پولیس کے بارے میں بدلے گاتب ہی تھانہ کلچر بھی تبدیل ہوگا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب سے کوئی افسر ہماری اجازت کے بغیر وفاق واپس نہیں جائے گا، آئینی اور قانونی طور پر صوبائی حکومت مفاد عامہ کے تحت افسران کو روک سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر اورداد رسی کیلئے عوام کو باربار تھانے جانے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے۔ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ قانون کے مطابق مضبوط ہونی چاہیے۔ انوسٹی گیشن کے عمل کو بہتر اورموثر بنایا جائے تاکہ مجرم سزا سے بچ نہ سکے۔


اُن کا کہنا تھا کہ قانون کی ڈگری والے پولیس افسروں کو انوسٹی گیشن افسر بنایا جائے گا۔ پولیس کا کمزور انوسٹی گیشن کی وجہ سے کیس ہارنا سبکی کا باعث بنتا ہے۔ پنجاب پولیس کی معاونت کے لئے پٹرولنگ پولیس پوسٹیں قائم کیں اب محکمے کے دیگر مسائل بھی حل کریں گے۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ مانیٹرنگ کیلئے ایف آئی آر کی تین کاپیاں سی ایم مانیٹرنگ سیل،متعلقہ ڈی آئی جی ا ورایس ایس پی کو بھجی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقے کیلئے آرمی کے ریٹائرڈ کمانڈوپر مشتمل فورس قائم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔چودھری پرویز الٰہی

محرم الحرم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہترین کارکردگی پر پولیس افسروں اورملازمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،شہدائے کربلا کے چہلم کے دوران امن عامہ کے انتظامات کی میں نے خود مانیٹرنگ کی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عام آدمی کو تھانے میں فوری انصاف ملنا چاہیے، ہماری طرف سے پولیس کو سپورٹ اورٹھنڈی ہوا آئے گی،ٹھنڈی ہوا نیچے عوام تک جانی چاہیے۔ بلٹ پروف گاڑیاں اورآرمڈ،بلٹ پروف جیکٹس اورٹریکر والی خصوصی گاڑیاں فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ کچے کے علاقے میں بنکرقائم کیے جائیں گے جبکہ وہاں تعینات اسپیشل فورس کو تنخواہ کا خصوصٰ پیکج دیا جائے گا اس کے علاوہ 8،8 کنال پر مشتمل جدید طرز کے اپارٹمنٹس تعمیر کر کے افسران کی رہائشی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

اُدھر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے سی سی پی او سے متعلق اقدام کو صوبائی کاموں میں مداخلت قرار دیتے ہیں، مسلم لیگ ن نے عدم اعتماد کا ایڈونچر کیا تو اُسے لینے کے دینے پڑھ جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں