پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی20 میں 10وکٹوں سے شکست دے دی

قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 200 رنز کا ہدف حاصل کیا


ویب ڈیسک September 22, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 200 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان بابراعظم نے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی۔


پاکستانی اوپنرز بابراعظم اور محمد رضوان نے 203 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، کپتان بابراعظم 110 رنز اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 88 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ قومی ٹیم کے اوپنرز انگلش بولرز پر میچ کے شروع سے ہی حاوی رہے۔


بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے جبکہ اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقا کیخلاف 122 رنز کی اننگز 2021 میں کھیلی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے دوسری مرتبہ 10 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی ہے۔ اس سے قبل، پاکستان نے 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے تھی۔


بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی کی دوسری اننگز میں شراکت کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا ہے۔ کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی کی 218 اننگز میں اپنے 8ہزار رنز بھی مکمل کر لیے جبکہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے یہ کارنامہ 213 اننگز میں انجام دیا تھا۔



انگلینڈ بیٹنگ


انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، کپتان معین علی جارحانہ اننگز کھیل کر 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔


انگلش اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز بنائے جس کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے یکے بعد دیگرے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم فاسٹ بولر وکٹوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے میں ناکام رہے۔ الیکس ہیلز 26 رنز اور ڈیوڈ ملان صفر پر آؤٹ ہوئے۔


تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فل سالٹ تھے جنہوں نے 30 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے بین ڈکٹ کی وکٹ حاصل کی، انہوں نے 22 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ ہیری بروک 31 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔


فاسٹ بولر محمد حسنین نے 4 اوورز میں 51 رنز دیے جبکہ وہ کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کر سکے۔



ٹاس


ٹاس جیتنے والے انگلش ٹیم کے کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ وکٹ پہلے میچ کی طرح نہیں لگ رہی جبکہ دراڑیں بھی دکھائی دے رہی ہیں، میچ میں تین اسپنرز کھلا رہے ہیں۔

فوٹو : پی سی بی فوٹو : پی سی بی

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ آج کی پچ مختلف ہے اس لیے انگلینڈ کو 150 سے 160 رنز تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں مڈل آرڈر کو کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان نے نسیم کی جگہ محمد حسنین جبکہ انگلینڈ نے رچرڈ گلیسن کی جگہ لیام ڈاوسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پاکستان الیون

کپتان بابراعظم، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، شاہنواز دھانی، محمد حسنین۔

انگلینڈ الیون

الیکس ہیلز، وکٹ کیپر فل سالٹ، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، کپتان معین علی، سیم کرن، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید، لیوک ووڈ، لیام ڈاوسن۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں