بلوچستان میں سیلاب سے 400 ارب روپے کا نقصان ہوا وفاق کی امداد مذاق ہے صوبائی وزیر
وفاق کی بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کی امداد مذاق ہے، صوبائی وزیر
صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب سے 400 ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ وفاق ہمیں صرف 10 ارب روپے دے رہا ہے۔
قائم مقام اسپیکر کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ وفاق دس ارب روپے کی امداد دے کر صوبے سے مذاق کررہا ہے، بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں ہونے والی تباہی کا تخمینہ چار سو ارب روپے کے قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سے بلوچستان آنے والے کھادکے ٹرک روکے جارہے ہیں، کھاد نہ آنے سے یہاں یوریا بہت مہنتا ہورہا ہے۔
اس موقع پر صوابائی وزیر خوراک نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب کے نقصانات کے ازالہ کیلئے وفاق سے بات کی جائے، جس کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل بہت ضروری ہے۔
صوبائی وزیر کی تجویز پر قائم مقام اسپیکر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیراعلیٰ سے کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے بات کریں گے۔